فواد چوہدری کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)فراڈ کیس میں زیرحراست سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو مقامی عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا اور انہیں کل دوبارہ کچہری میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔فراڈ کیس میں گرفتار سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری کو راولپنڈی کچہری پہنچایا گیا، انہیں بکتر بند گاڑی میں جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا، اور ڈیوٹی جج غلام مصطفٰی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
اینٹی کرپشن حکام نے ڈیوٹی جج سے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ اینٹی کرپشن نے استدعا کی کہ فواد چوہدری سے 35 لاکھ روپے برآمد کرنے ہیں 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔مقامی عدالت نے اینٹی کرپشن کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فواد چوہدری کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا اور انہیں کل دوبارہ کچہری میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔گزشتہ روز فواد چوہدری کا اسلام آباد سے ایک دن کا راہداری ریمانڈ لیا گیا تھا۔