غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کر ناانسانیت سے دشمنی ہے، سینیٹر ثمینہ ممتاز
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ کی مایوس کن کارکردگی اور امریکہ کی جانب سے ایک بار پھر جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کر دینے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد نامنظور ہونا انسانیت سے دشمنی کے مترادف ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کا کردار کمزور ہوتا جارہا ہے اور اسرائیل اور امریکہ اقوام متحدہ پر حاوی نظر آتے ہیں جبکہ مسلمان ملکوں کی خاموشی بھی سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور خان یونس پر حالیہ حملوں میں بے بناہ فلسطینیوں کی شہادت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے لئے لمحہ فکریہ اور انسانیت کے نام پر دھبہ ہے۔ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل فلسطین میں جاری انسانی المیہ روکنے کے لئے آرٹیکل 99کو استعمال میں لانے کے باوجود اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ غزہ اور خان یونس میں اکثر آبادی بے گھر ہو چکی ہے اور وہاں خوراک سمیت ایندھن، پانی اور ادویات کی شدید قلت ہو چکی ہے۔ مقدس سرزمین فلسطین میں زندگی سسک رہی ہے اور بچوں، بوڑھوں اور عورتوں سمیت نہتے فلسطینی بھوکے پیاسے زندگی کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں دو ریاستی حل کی دوبارہ کوشش کرنی چاہیے کیونکہ یہی مقدس سرزمین میں پائیدار امن کا واحد حل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام عالم کی خاموشی اور بے حسی سے انسانیت خون کے آنسو روتی ہے۔ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی حمایت میں جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کر دینا سراسر ناانصافی ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے مسلمان ملکوں کی تنظیم او آئی سی کا کردار بھی نظر نہیں آرہا۔ افسوس کا مقام ہے کہ معصوم بچوں کی چیخیں بھی مسلمانوں کی بے حسی کو ختم کرنے اور ہمیں متحد نہیں کر سکیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ فلسطین میں معصوم جانوں کا ضیاع ساری دنیا کے ملکوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ مسلمان ملکوں کی تنظیم او آئی سی کو فوری طور پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور نہتے فلسطینیوں کی حفاظت کے لئے موثر کردار ادا کرنا چاہئے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ایک بار پھرمطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں جاری انسانیت سوز مظالم اور جارحیت کو فوری طور پر بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔