عمران خان نے اپنی نااہلی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) تحریک انصاف کے بانی و سابق چیئرمین عمران خان نے اپنی 5 سال کی نااہلی کے عدالتی فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا سابق چئیرمین عمران خان نے بیرسٹر گوہر اور علی ظفر کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں اس حوالے سے درخواست دائر کی ہے جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
عمران خان نے درخواست میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 اگست 2023ء کو پانچ سال کے لیے بطور رکن اسمبلی نااہل کیا، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو الیکشن سے باہر کرنے کے لیے جلد بازی میں غیر قانونی قدم اٹھایا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، درخواست گزار الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہے، درخواست گزار پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
عمران خان نے استدعا کی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے مجھے پانچ برس کے لیے نااہل قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے، اس درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کا نوٹی فکیشن معطل کیا جائے۔