چیئرمین بلوچستان بورڈ نے بد عنوانی اوربد اعتدالی کی تمام حد پار کر لیں، فوری تبادلہ کیا جائے، گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے مرکزی ہیڈ آفس پرنس روڈ کوئٹہ سے جاری ایک بیان میں چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا گیاہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ موصوف نے بد عنوانی اور بد اعتدالیوں کی تمام حد پار کر لیں اور ایک ڈان کا روپ دھار چکے ہیں صوبے کے ہونہار طلباء کے مستقبل سے کھیلنا ان کا محبوب مشغلہ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بد عنوان اور بدنام زمانہ لوگوں کو ترجیح دی جا رہی ہے صوبہ کا اکلوتا بورڈ تباہی کے دہانے پر ہے مگر موصوف کماؤ اور پھر جاؤ کے فارمولے پر عمل پیرا ہیں بورڈ آفس میں حالیہ بھرتیاں ہوں یا ایف ایس سی کا نتیجہ یہاں ہر ایک چیز کی قیمت لگتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے بد عنوان شخص کو مزید اس عہدے پر برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، وزیر تعلیم سیکرٹری کالجز، سیکرٹری سکول ایجوکیشن سے پر زور اپیل کی کہ نا اہل، بد عنوان اورمتعصب چیئرمین بورڈ کو فی الفور ٹرانسفر کیا جائے ورنہ جی ٹی اے بی سخت احتجاج کا اعلان کریگی۔