بلوچستان ملکی معاشی ترقی کا مستقبل میں محور و مرکز ثابت ہوگا، شہباز شریف

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر وسابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان ملکی معاشی ترقی کا مستقبل میں محور و مرکز ثابت ہوگا، دوبارہ موقع ملا تو بلوچستان سمیت پورے ملک میں دانش اسکولوں کا جال پھیلائیں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کوپاکستان مسلم لیگ (ن) بلو چستان کے صدر شیخ جعفر خان مندوخیل سے ملاقات کے دورران گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ ملاقات میں تنظیمی امور،عام انتخابات اوربلوچستان میں عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان ہمارا دل ہماری جان ہے بلوچستان کی ترقی کو پاکستان کی ترقی کا ناگزیر تقاضا سمجھتے ہیں 16 ماہ کی حکومت کے دوران سب سے زیادہ مرتبہ بلوچستان گیا۔ انہوں نے کہاکہ دوبارہ موقع ملا تو بلوچستان سمیت پورے ملک میں دانش اسکولوں کا جال پھیلائیں گے بلوچستان ملکی معاشی ترقی کا مستقبل میں محور و مرکز ثابت ہوگا، ملاقات میں شیخ جعفر خان مندوخیل نے ایون فیلڈ ریفرنس میں پارٹی قائد محمد نواز شریف کی بریت پر مبارک پیش کی، میاں محمد شہباز شریف نے نیک تمناؤں کے اظہار پر جعفر خان مندوخیل کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی کے لئے ان کے جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنما ء خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق اور ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے