نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان سے چین کے سفیر ژیانگ زیڈونگ کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں کے امور پر تبادلہ خیال

گوادر(ڈیلی گرین گوادر)نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے پیر کو یہاں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر ژیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی اور گوادر سمیت بلوچستان میں چین کے تعاون سے جاری و مکمل ہونے ولے ترقیاتی و عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، جمہوریہ چین کے سفیر ژیانگ زیڈونگ سے بات چیت کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ چین ہمارا سب سے اہم دوست اور ہمسایہ ملک ہے چین اور پاکستان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں ہم ہمسایہ دوست ملک چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ تجارتی حجم کے بڑھنے سے دونوں ممالک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے جمہوریت چین کی گوادر میں سرمایہ کاری بلوچستان کی معیشت میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ سی پیک میں گوادر کو شہ رگ کی حیثیت حاصل ہے گوادر میں جاری چینی سرمایہ کاری سے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے چین نے ہمیشہ گوادر کی تعمیر و ترقی اور یہاں کی عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور تعاون کیا ہے گوادر میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے کول پاور پلانٹ لگائے گئے ہیں جبکہ شہر کے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے جمہوریہ چین کے تعاون سے ڈی سلینیشن واٹر پلانٹ کا منصوبہ بھی مکمل کیا گیا ہے جمہوریت چین گوادر کے طالب علموں کو اسکالرشپس بھی فراہم کر رہی ہے میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان اور چین کے صوبہ حنان کو سسٹر پروونس کا درجہ حاصل ہے گوادر میں پاک چین فرینڈ شپ ہسپتال کا قیام جمہوریہ چین کی گوادر کے عوام کے لیے بے لوث محبت کا اظہار ہے نگراں وزیر اعلٰی میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ ہمارے دوطرفہ تعلقات بہترین انداز سے استوار اور برقرار رہیں اور باہمی تجارت اور علاقائی تعاون کے اس شتراک کو یونہی قائم رکھا جائے ملاقات میں جمہوریہ چین کے سفیر ژیانگ زیڈونگ نے گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبہ بلوچستان میں مختلف شعبوں میں جمہوریہ چین کی جانب سے سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے