سندھی ثقافت کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے آج یومِ ثقافت منایا گیا، اجرک اور سندھی ٹوپی پہن کر سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا گیا۔کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، نواب شاہ، تھر پارکر، جام شورو، خیرپور اور ڈیرا مراد جمالی سمیت دیگر شہروں میں سندھی ثقافت کی مناسبت سے تقریبات منعقد ہوئیں، لوک گیتوں کی دھنوں پر نوجوانوں اور بچوں نے رقص کیا۔

سندھی کلچرل ڈے کے موقع پر کراچی پریس کلب ہی نہیں بلکہ شہر بھر میں خواتین ہوں یا بچے سب کا جوش خروش دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ نوجوانوں کا تو کیا ہی کہنا تھا ، سریلی نغموں اور موسیقی کی دھن نے گویا سب کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا تھا ۔کراچی کی سڑکوں پر ہر طرف سندھ کی ثقافت کے رنگ نظرآئے، سندھی گانوں پر روایتی رقص لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

کراچی پریس کلب کے سامنے سندھ کی ثقافت کے دن کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی۔حیدرآباد کے مقامی کالج میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے گاوں کی منظر کشی کی گئی، روایتی شادی اور علاقائی گیتوں پر رقص کرکے سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا گی۔

سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے اور اس سے اپنی روایتی محبت کے اظہار کے لیے تھرپارکر میں بھی تقریبات جاری رہیں۔ طلبا کا کہنا تھا کہ سندھی ثقافت کا دن منانے کا مقصد اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار اور پوری دنیا کو اپنی ثقافت کی پہچان کروانا ہے۔

ٹھٹھہ میں بھی سندھی ثقافت کا آغاز مچھ کچہری سے کیا گیا۔ ٹھٹھہ پریس کلب میں اینٹوں کے درمیان دیئے روشن کئے گئے۔ مچھ کچہری میں مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ مچھ کچہری میں شامل افراد نے سندھی گیتوں پر رقص بھی کیا۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے یومِ ثقافت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن نسل پرستی، انتہا پسندی اور ہر قسم کی تفریق کے خلاف محبت کا درس دیتا ہے ۔اس کے علاوہ پاکستان میں جرمنی کے قونصل جنرل نے بھی سندھی زبان میں سندھ واسیوں کو یومِ ثقافت کی مبارک باد دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے