پاک فوج کی پوری توجہ مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع پر مرکوز ہے، آرمی چیف
راولپنڈی(ڈیلی گرین گوادر) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہےکہ پاک فوج کی پوری توجہ مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع پرمرکوزہے اور مسلح افواج قوم کی حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نےکہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خیر پور کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر بہاولپور نے ان کا استقبال کیا۔آئی ایس پی آر، آرمی چیف نے خیرپور ٹامیوالی میں بہاولپور کورکی فیلڈ مشقوں کا مشاہدہ کیا، آرمر،میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ائیرڈیفنس اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا بھی مشاہدہ کیا۔
آرمی چیف کو فیلڈ مشقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جب کہ آرمی چیف نے مشق میں حصہ لینے والے ٹروپس سے بات چیت کی۔ مشقوں کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مہارت کو بڑھانا ہے۔آرمی چیف نے ہدایت کی کہ ہرحال میں روایتی جوش اور جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔ ہم چیلنجز سے بخوبی واقف ہیں، قوم کی حمایت سے ہم پاکستان کے دشمنوں کےکسی بھی مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں، پاک فوج پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے، فوج کی پوری توجہ مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع پرمرکوزہے، قوم کی حمایت سے مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گی۔