کوئی شک نہیں کہ صوبہ بلوچستان پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ ہے،میر علی حسن زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے 56 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ کامیاب جلسہ نے ثابت کر دیا کہ بلوچستان کے عوام پیپلز پارٹی کو ہی اپنا مسیحا سمجھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، ترجمان آصف علی زرداری و ضلعی صدر حب میر علی حسن زہری نے یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ جلسے کی کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کا جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع تھا جو صوبے میں سیاست میں بڑی تبدیلی کا آغاز ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے کونے کونے سے آئے غیور جیالوں اور بلوچستان کے باشعور عوام کی کوئٹہ جلسہ میں بھرپور شرکت نے موسمی سیاست اور مفاد پرستی سیاست کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔ جن لوگوں کا خیال تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بلوچستان میں پوزیشن کمزور ہے ان کے لئے گزشتہ روز کا جلسہ ایک پیغام ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ کل کے کامیاب جلسہ کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاو ل بھٹو زرداری سے والہانہ محبت کرنے والے بلوچستان کے غیور عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ایک نئی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں۔ جس طرح جلسہ میں آصف علی زرداوری اور بلاول نے بلوچستان سے اپنے والہانہ لگاؤ اور بلوچستان کی محرومیاں ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی اسی طرح بلوچستان کے عوام بھی آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کر اپنی محبوب پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرا ئیں گے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو،شہید جمہوریت بی بی بینظیر بھٹو اور بہت سے جیالے شہداء پارٹی کا سرمایہ ہیں جن کی لازوال قربانیوں کی بدولت پارٹی آج بھی عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی جماعت ہے جس کی آبیاری ہمارے قائدین نے اپنے خون سے کی ہے۔پیپلز پارٹی کے شہداء کی قربانیوں کی ہی بدولت پاکستان میں جمہوریت کا بول بالا ہے کیونکہ پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے اور اب بھی بروقت اور شفاف الیکشن کے لئے صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی زور دے رہی ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ گزشتہ روز کا جلسہ بلوچستان کی امنگوں کا ترجمان ہے جس کے بعد کوئی شک نہیں کہ صوبہ بلوچستان پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ ہے اور پارٹی صوبہ کی مقبول ترین پارٹی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آئندہ چند روز میں بہت سی قد آور شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں جس کے بعد صوبے میں مصنوعی اور موسمی اتحاد کرنے والوں کے خواب چکنا چور ہو جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے