انتخابات میں کسی بھی پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے،مخلوط حکومت ہی بنے گی،حافظ حسین احمد
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ انتخابات میں کسی بھی پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے، بلوچستان کے مسائل کا حل اور محرومیوں کا خاتمہ صرف سیاسی جماعتوں کے ہاتھ میں نہیں، بلوچستان میں سیاسی رونق 16 نشستوں کے لیے نہیں بلکہ وہاں موجود معدنی ذخائر کے لیے ہے۔ جمعہ کے روز کراچی میں میڈیا کے نمائندوں اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ الیکشن کا اعلان تو ہوچکا ہے لیکن شیڈول ابھی تک جاری نہیں کیا گیاجب تک شیڈول کا اعلان نہیں ہوتا تب تک فضا میں دھند ہی رہے گی، الیکشن کے شیڈول کے اعلان سے پہلے ہی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کے خلاف گولہ باری شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے سیاسی جماعتوں کو ملکر کام کرنا ہوگا آج جو ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں کل وہی ملکر حکومت بنا سکتے ہیں کیوں کہ کوئی بھی ایک پارٹی 172 نشستوں کے ساتھ نہیں آئے گی اس لیے الزامات کی سیاست کے بجائے جلسوں میں اپنا پارٹی کا پروگرام پیش کریں تو بہتر ہوگا۔ جے یو آئی رہنما نے کہا کہ جے یو آئی الیکشن میں کس کس کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرتی ہے یہ حتمی نہیں کیوں کہ سیاست میں کوئی بات حتمی نہیں ہوتی، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جو سیاسی رونقیں ہیں وہ 16 نشستوں کے لیے نہیں بلکہ وہاں موجود سونے، تانبے، ماربل ودیگر اربوں ڈالرز کے ذخائر اور سی پیک کے لیے ہے۔ پاکستان کو اقتصادی دلدل سے نکالنے کے لیے بلوچستان کا اہم کردار ہوگا بلوچستان میں موجود ذخائر اور سی پیک سے ہی ملک کو اقتصادی دلدل سے نکالا جاسکتا ہے، ریکوڈک سمیت دیگر ذخائر کے حوالے سے جو18ویں ترمیم کے تحت صوبائی حکومت کا رول انتہائی اہم ہوگا اس لیے تمام کا رخ بلوچستان کی جانب ہے تاکہ ان ذخائر سے بلوچستان کی محرمیوں کو ختم اور ملک کو اقتصادی طور پر مضبوط کرسکیں۔