نگران وزیر اعلٰی بلوچستان سے تھائی لینڈ کے کراچی میں متعین قونصل جنرل ناروت سونتا روڈوم کی ملاقات
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)نگران وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے جمعرات کو یہاں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں تھائی لینڈ کے کراچی میں متعین قونصل جنرل ناروت سونتا روڈوم (Mr. Naruts Soontarodom) کی سربراہی میں نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا وفد نے تھائی لینڈ کی تین بڑی جامعات میں بلوچستان کے طالب علموں کے لیے اسکالر شپس ، بلوچستان کی جامعات کے تدریسی اسٹاف کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے اور یوتھ ایکسچینج پروگرام سمیت تجارتی و مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی جبکہ سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان دیرپا تعلقات کے فروغ کا عزم کیا وفد سے بات چیت کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان مہمان نوازی اور روایتوں کا امین صوبہ ہے تھائی لینڈ میں بلوچستان کےنوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقعوں کی فراہمی اور جامعات کے تدریسی اسٹاف کے تھائی لینڈ دوروں و پیشہ ورانہ تربیت کا اعلان خوش آئند ہے اس ضمن میں تھائی لینڈ اور پاکستان کے مابین یوتھ اینڈ اسٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین تجارتی و تعلیمی شعبوں سمیت مختلف سیکٹرز میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا سی پیک منصوبوں میں تھائی لینڈ کی شمولیت کی خواہش خوش آئند ہے نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان نے وفد کو یقین دلایا کہ تھائی لینڈ اور پاکستان کے مابین زیر التواء تجارتی امور کے حل کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی اور دس سال سے زیر التواء فری ٹریڈ کے حل طلب معاملات کو مثبت انداز میں سلجھانے اور نتیجہ خیز بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے نوابزادہ جمال خان رئیسانی کی سربراہی میں محکمہ کھیل فعال کردار ادا کررہا ہے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے انہیں صحت مندانہ ماحول کی فراہمی کے لئے اقدامات جاری ہیں اس موقع پر نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی اور تھائی لینڈ کے قونصل جنرل ناروت سونتا روڈوم کے مابین سوئینر کا تبادلہ بھی کیا گیا جبکہ نگراں وزیر اعلٰی کی جانب سے وفد کے شرکاء کو تحائف اور روایتی شال بھی پیش کی گئی۔