قوم خاص طور نوجوان بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں چیئرمین انہیں مایوس نہیں کریں گے،آصف علی زرداری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی فلاسفی اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن روٹی کپڑا اور مکان کے منشور پر ثابت قدم ہیں ہم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے جو طبقاتی استحصال سے پاک ہوگا۔ آصف علی زرداری نے جمہوریت کی بحالی کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے جیالوں ‘کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا جمہوریت قوم کے ہیرو ہیں سابق صدر نے کوڑے کھانے اور قید کاٹنے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ایسے بہادر اور ثابت قدم کارکن پارٹی کا انمول سرمایہ ہیں۔ انہوں کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید جب کچرے کے ڈھیر سے بچوں کو رزق تلاش کرتے ہوئے دیکھتی تھی تو انہیں سخت دکھ اور تکلیف ہوتی تھی ‘ سابق صدر نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے پاکستان میں بچوں کے ہاتھوں میں کتاب ‘ ہر نوجوان کو روزگار ‘ کسانوں کو محنت کا منصفانہ پھل ‘مزدوروں سے انصاف ہوگا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اگلے جہاں میں جنت اعمال سے ملے گی مگر اس جہاں میں اپنی دھرتی کو جنت بنانے کی جدوجہد جاری ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا آج سپریم ہے آئین کی اصل صورت میں بحالی کیلئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے اپنی زندگی قربان کی آگ اور خون کے دریا پار کیئے تھے۔ آصف علی زرداری نے کہا یہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا کارنامہ ہے کہ آج بولنے کی آزادی ہے اگر کوئی ہمارے خلاف بھی بولتا ہے تو یہ بھٹو شہید کا کارنامہ اور جیالوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آزاد باوقار ‘خود مختار پاکستان محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا انشااللہ ہم ترقی یافتہ خود مختار پاکستان کی تعمیر کریں گے جس کیلئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے جان کا نذرانہ دیا تھا۔ آصف علی زرداری نے کہا قوم خاص طور نوجوان بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انہیں مایوس نہیں کریں گے۔