دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید وسائل کے باوجود پولیس نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں،عبدالخالق شیخ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے عوام کو بہتر سروس ڈلیوری فراہم کرنے اوران کے ساتھ اپنا رویہ دوستانہ رکھیں۔ بہترین پولیس افسر وہ ہے جس کو دیکھ کرعوام کو تحفظ کا احساس ہو اور جرائم پیشہ افراد کو خوف ہو۔ اپنی مہارت اور تربیت سے مجرمان اشتہاریوں اور عدالتی مفروران کو گرفتار کریں۔پولیس سے متعلقہ تمام شعبوں بشمول سیر یس کرائم انوسٹی گیشن ونگ جرائم کی روک تھام اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بد ھ کے روز سیر یس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کے دورے کے موقع پر افسران سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کے سینئر افسران نے تفتیش کے مختلف پہلوؤں اور فرائض کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالحئی بلوچ، اے آئی جی آپریشن عبدالحق عمرانی، ایس ایس پی آپریشن جواد طارق، ایس ایس پی انوسٹی گیشن سید عطااللہ، ایس پی ٹیکنیکل سی آئی اے (ایس سی آئی ڈبلیو)کوئٹہ عبدالستا ر، ایس پی سٹی پری گل سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔آئی جی پولیس نے دہشتگردی کی وارداتوں کے تدارک میں پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید وسائل کے باوجود پولیس نے اپنی جانوں کی بے شمار قربانیاں دی ہیں۔پولیس اپنے تمام تردستیاب وسائل کو بروئے کارلاتے ہوئے جرائم کی روک تھام اورامن وامان کے قیام میں مصروف عمل ہے اور عوام کے جان ومال کے تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کو زیر تفتیش سنگین مقدمات کو جلد از جلد یکسو کر نے اور مقدمات میں ملوث مجرمان اشتہاریوں کو گرفتار کرنے کے حوالے سے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اخلاق کے ساتھ پیش آئیں اور اپنا رویہ بہتر اور دوستانہ بنائیں۔کوالٹی آف انوسٹی گیشن پر توجہ دیں۔کرائم کو مت چھپائیں اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں تفتیش میرٹ پر کریں۔تمام سپروائزری آفیسرز اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقہ سے نبھائیں۔انہوں نے کہاکہ سیر یس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کو جدید آلات سے آراستہ کر کے تفتیش کو میرٹ کی بنیاد پر کرتے ہوئے منظم کرائم کی بیخ کنی کی جائے گی۔ بعدازاں آئی جی پولیس بلوچستان نے سیر یس کرائم انوسٹی گیشن یونٹ کے افسران اور جوانوں کو اچھی کارکردگی پر نقد انعامات اور تعریفی اسناد دیتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے