پیپلزپارٹی ہی وہ واحدجماعت ہے جو عوام کو روٹی،کپڑااور مکان دلاسکتی ہے، میرچنگیز خان جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میرچنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی خان محمدبڑیچ اوردیگر کی قیادت میں منگل کو پارٹی کے زیراہتمام 30نومبر کو یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والے جلسہ عام کے حوالے سے ایوب اسٹیڈیم سے ایک ریلی نکالی گئی جو چمن پھاٹک، جناح روڈ، قندھاری بازار، لیاقت بازار،پرنس روڈ سے ہوتی ہوئی واپس ایوب اسٹیڈیم پہنچ کراختتام پذیر ہوئی ریلی میں بڑی تعدادمیں کارکنوں نے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر شرکت کی ریلی کے شرکاء نے پارٹی پرچم اٹھارکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چنگیز خان جمالی، روزی خان کاکڑ،سردارسربلند جوگیزئی، حاجی خان محمدبڑیچ کوئٹہ ڈویژن کے صدرخیرمحمد ترین اوردیگر نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی 55سال سے اصولوں کی سیاست کر رہی ہے روٹی، کپڑا اور مکان پارٹی کا منشور ہے ہمارے لیڈرنے عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنا 56واں یوم تاسیس منانے جارہی ہے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم تاسیس کا مرکزی جلسہ کوئٹہ میں کرنے کااعلان کیاہے کوئٹہ میں ہونے والے یوم تاسیس کے سلسلے میں بلوچستان سمیت پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت شرکت کریگی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی کے انعقادکامقصد پارٹی مخالفین کو بتانا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی آج بھی بلوچستان کے عوام کے دلوں میں بستی ہے ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کرکے ثابت کردیاہے کہ عوام پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ انتخابات میں ایک منصوبے کے تحت پارٹی کے مینڈیٹ پر شب خون مار کر تبدیلی سرکار پرملک پر مسلط کیاگیا ہے جس نے ملک کو تباہی کے دہانے پرلاکھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے عوام کو 1کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر دینے کے خواب دکھائے اقتدار میں آکر تبدیلی سرکار نے لاکھوں نوجوانوں کو بے روزگار بے گھر کردیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحدجماعت ہے جو عوام کو روٹی،کپڑااور مکان دلاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ 30نومبر کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیاسی جلسہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آنے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں عوام کے ووٹ سے کامیابی حاصل کرکے حکومتیں بنائے گی اور بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم ہونگے پارٹی اقتدار میں آکرعوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائیں گے۔