خود احتسابی ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے ہم بدعنوانی جیسے ناسور پر قابو پاسکتے ہیں،ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)خود احتسابی ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے ہم بدعنوانی جیسے ناسور پر قابو پاسکتے ہیں۔ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے اور یہ دیمک کی طرح ہمارے ملک کے جڑوں کو کھوکھلا کررہی ہے۔ بدعنوانی کے خاتمے کیلئے طلباء طالبات کا کردار بہت اہم ہے، ہمارے طلباء و طالبات اگر بدعنوانی جیسے ناسور سے آگاہ ہوں گے تو آنے والے وقتوں میں معاشرے کو سدھارنے اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان ظفر اقبال خان نے بدعنوانی کے خاتمے کے عالمی دن کے مناسبت سے بوائز سکاؤٹس ہیڈکوارٹر کوئٹہ میں محکمہ تعلیم سکولز ایجوکیشن حکومت بلوچستان اور نیب بلوچستان کے زیر نگرانی اسکولوں کے طلباء و طالبات کے درمیان صوبائی سطح پر اردو، انگریزی تقریری،پوسٹر سازی، خطاطی، اردو، انگریزی کے مضمون نویسی کے مقابلوں کی اختتامی تقریب میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہء و طالبات کے مابین انعامات تقسم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا راز اخلاص و سچائی اور حقیقت پسندی میں چھپی ہے۔ ہمیں اپنے ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے سچائی کا ساتھ دینا ہوگا۔ جب ہمارے ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ ہوگا تو ہمارا ملک اور معاشرہ خوشحال ہوگا۔ تقریب کے مہمان خصوصی نگران وزیر تعلیم قادر بخش بلوچ تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری ایجوکیشن، ڈائریکٹر ایجوکیشن، متعلقہ سکولوں کے پرنسپل اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز باقاعدہ تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا بعدازاں نگران وزیر تعلیم اور ڈائریکٹر جنرل نیب نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ واضع رہے طلباء طالبات کی ان اءٓوٹ ڈورسرگرمیوں کو منعقد کرنے کے لئے نیب بلوچستان، محکمہ تعلیم بلوچستان، یونیسیف، مرسی کور، اسلامک ریلیف، بھرپور کردار اد کر رہے ہیں۔ تاکہ بدعنوانی کے خاتمے کے کے لئے گراس روٹ لیول پر آگاہی فراہم کی جائیں۔