بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر گوادر سمیت مکران بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال
گوادر (ڈیلی گرین گوادر) بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر گوادر سمیت مکران بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال، دکانیں، کاروباری مراکز اور بازار دن بھر بند رہے،شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر رکاوٹیں ڈال کر بعض مقامات پر ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی نے شہید بالاچ مولابخش کے ماورائے عدالت قتل اور عدالتی احکامات کے باوجود ایف آئی آر درج نہ کرنے کے خلاف پورے مکران میں شٹرڈاؤن اور تربت میں پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔یاد رہے کہ تربت میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان کے اہلخانہ اور عوام آج چھٹے دن لاش کے ہمراہ سڑک پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔واضع رہے کہ قتل کئے جانے والے بالاچ مولا بخش کے اہل خانہ نے سی ٹی ڈی کے موقف سے اختلاف کیا اور دعویٰ کیا کہ بالاچ مولا بخش 29 اکتوبر کو گرفتار کئے جانے کے بعد سے حراست میں تھا اور اسے جعلی مقابلے میں مارا گیا۔