مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی، شیخ جعفر خان مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے وہ پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، آنے والے عام انتخابات میں عوام کی طاقت سے وفا ق اور صوبوں میں حکومت بنائیں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کومختلف وفود سے بات چیت کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ملک ظاہر، نصیر خان اچکزئی، دوستین ڈومکی، عبد الوہاب اٹل،اشوک کمار اور زرک خان مندوخیل بھی موجود تھے۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی کارکر دگی کی بنیاد پر انتخابات میں کامیابی حاصل کر ے گی ہماری توقع سے زیادہ لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ حاصل کر نے کے لئے درخواستیں جمع کی ہیں جو مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کے اقدامات کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں گے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر فخر کرتے ہیں پارٹی میں شمولتوں کا سلسلہ روز بروز بڑ ھتا جا رہے وفا ق اور بلو چستان میں بالخصوص حکومت مسلم لیگ (ن) بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک بھرمیں بھا ری اکثریت اور بھر پور مینڈیٹ کے ساتھ کامیاب ہو کر آئے گی گی جس کے بعد ملک بالخصوص صوبے میں مہنگائی کے طوفان کا خاتمہ مسلم لیگ (ن) کی سر فہرست میں شامل ہے۔ مخالف سیا سی جماعتوں سے مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت ہضم نہیں ہو رہی ہے جس کی وجہ سے وہ مختلف قسم کے الزامات عائد کر کے پروپیگنڈے کر رہے ہیں۔