بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی قومی اسمبلی کی پانچ اور صوبائی اسمبلی کی پندرہ نشستوں پر ا نتخابات میں حصہ لے گی،اسد بلوچ
کوئٹہ (اڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے ہم جمہور کی سیاست پر یقین رکھتے ہوئے بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہاربی این پی عوامی کے مرکزی صدرمیر اسد اللہ بلوچ نے گزشتہ روزبی این پی عوامی کوئٹہ کے رہنماوں اورکارکنوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر ناشناس لہڑی،الہی بخش بلوچ،عبدالوکیل مینگل،ڈاکٹر یاسر نصیر شاہوانی،ملک صادق بنگلزئی اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے پارٹی کے مرکزی صدر نے کہا کہ بی این پی (عوامی)قومی اسمبلی کی پانچ اور صوبائی اسمبلی کی پندرہ نشستوں پر ا نتخابات میں حصہ لے گی میر اسد اللہ بلوچ کا کہنا تھا کہ جمہوری اقدار کو مد نظر رکھتے ہوئے عوامی مفاد میں جہاں ضرورت پڑی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ دوستوں کی مشاورت سے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرینگے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ ایک سیاسی جمہوری عمل ہے،انہوں نے کہا کہ بی این پی (عوامی) صرف اور صرف عوام کی خدمت اور ان کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ پارٹی دن بدن صوبے کے غیور عوام میں مقبول ہورہی ہے اس موقع پر ڈاکٹر ناشناس لہڑی،الہی بخش بلوچ،عبدالوکیل مینگل،ڈاکٹر یاسر نصیر شاہوانی،ملک صادق بنگلزئی و دیگر عہدیداروں نے پارٹی صدر کو کوئٹہ میں الیکشن سے متعلق پارٹی کی تیاریوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ بی این پی (عوامی) کے دوست اپنے قائد کے وژن پر عمل پیرا ہوکر آگے بڑھیں گے اور انتخابات میں حصہ لے کر ایک مرتبہ پھر بلوچستان کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی،تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے جدوجہد کریں گے۔