الیکشن کمیشن بلاک جعلی شناختی کارڈز کو انتخابی فہرستوں سے خارج کرے، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بلوچستان میں شفاف انتخابات کیلئے بلاک جعلی شناختی کارڈز کو انتخابی فہرستوں سے خارج کرے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو میں نگران وفاقی و صوبائی حکومتوں کے بیانات پر اپنا درعمل دیتے ہوئے کہی۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہاکہ ملک میں انتخابی عمل ہمیشہ سے مشکوک رہا ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف بحرانوں نے جنم لیا بلکہ ان میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ایسے میں الیکشن کمیشن کو چائیے کہ وہ اپنی آئینی اور قومی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے ملک میں آئینی، قانونی و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے تاکہ حقیقی نمائندے منتخب ہوکر ملک کو بحرانوں سے نکالیں،نگران وفاقی و صوبائی حکومتوں کے بلوچستان میں لاکھوں کی تعدادمیں جعلی شناختی کارڈز بلاک کرنے کے بیانات کے سوال پرنوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ نگران وفاقی و صوبائی حکومتیں کہہ رہی ہیں کہ بلوچستان میں لاکھوں کی تعداد میں جعلی شناختی کارڈ ز بلاک کئے گئے ہیں ایسے میں الیکشن کمیشن کو چائیے کہ وہ بلاک جعلی شناختی کارڈز کو انتخابی فہرستوں سے خارج کرے، تاکہ بلوچستان کے حقیقی لوگ اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کو منتخب کریں تاکہ وہ پارلیمنٹ میں جاکر بلوچستان کی حقیقی نمائندگی کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر جعلی ووٹ کے ذریعے لوگ اسمبلیوں میں جائیں گے تو اس سے صوبے میں کرپشن اور پیچیدگیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن ملک اور صوبے میں شفاف الیکشن کے انعقاد میں ناکام ہونے پر قومی جرم کا مرتکب ہوگا جس کا خمیازہ آئندہ نسلوں کو بھگتنا پڑئیگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے