یکم دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)ملک میں یکم دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے ۔تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔روسی تیل کی فی بیرل قیمت 60 ڈالر سے بھی نیچے آ گئی ہے۔یورپی یونین کی جانب سے روسی تیل کی 60 ڈالر فی بیرل کی حد مقرر کی گئی ہے مگر مارکیٹ میں روسی تیل کی قیمت مقررہ حد سے بھی نیچے چلی گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں برطانوی برینٹ کے سودے ایک فیصد کمی کے ساتھ 80.58 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے دو فیصد کمی کے ساتھ 75.54 ڈالر فی بیرل پر ہوئے۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر ملک میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔اگلے پندرہ دنوں کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیتموں کا حتمی اعلان نگران وزیر اعظم کی منظوری سے کیا جائیگا۔
یاد رہے 16 نومبر کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کی تھی ۔حکومت نے پیٹرول کی قیمت 2 روپے 4 پیسے فی لیٹر کم کی جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 281 روپے 34 پیسے ہوگئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت فی لیٹر 296 روپے 71 پیسے ہوگئی ہے۔
مٹی کے تیل فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 5 پیسے کمی کردی گئی اور فی لیٹر قیمت کم ہو کر 204 روپے 98 پیسے پر آگئی ہے۔اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے کمی کردی گئی اور فی لیٹر نئی قیمت 180 روپے 45 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔