غزہ کے لوگ پاکستان،ترکی اور اسلامی افواج کی طرف دیکھ رہے ہیں،سراج الحق
تونسہ شریف (ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ غزہ کے لوگ پاکستان، ترکی اور اسلامی افواج کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تونسہ شریف میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی بربریت کے خلاف ہم نے ملین مارچ کئے، کدھر گئے وہ 58 اسلامی ممالک، میں حماس کے صدر خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ کی طرف سے آیا ہوں۔
سراج الحق نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ایک مورچہ کے ساتھ مرنا چاہتا ہوں، اگر ہم نے اللہ کے گھر مسجد اقصیٰ کے لئے قربانی نہیں دی تو جنت میں جگہ نہیں ہے، میں اس دنیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو غیر مسلم ہیں اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، حکمران امریکہ سے ڈرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میں نے امریکہ کے سفارت خانے کے سامنے فلسطین کے مظلوم عوام کے لئے جلوس نکالا، حکمرانوں نے 77 ہزار ارب کا قرضہ ہڑپ کیا، آج نواز شریف کہتا ہے ہمارے خلاف سازش کی گئی، زرداری کہتا ہے ہمارے خلاف سازش کی، چیئرمین پی ٹی آئی کہتا ہے ہمارے خلاف سازش ہوئی، سازش تو عوام کے خلاف ہوئی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ اس ملک میں انقلاب اور حقیقی آزدی کی ضرورت ہے، 8 فروری کو ان کی سیاست کا سورج غروب کرنا ہے، میں بھی دو بار وزیر بنا کوئی گھر، گاڑی نہیں بنائی، وزارت جب چھوڑی تو خود کو احتساب کے لئے پیش کیا، اللہ نے ہمیں موقع دیا تو سب سے پہلے سودی نظام کا خاتمہ کریں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارے ساتھ کوئی ظالم جاگیردار اور سرمایہ دار نہیں ہے، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔