جب وقت پر فیصلے نہیں ہوتے تو اس کے اثرات اچھے نہیں رہتے، نواب ایاز خان جوگیزئی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ جب وقت پر فیصلے نہیں ہوتے تو اس کے اثرات اچھے نہیں رہتے، ظالم کے خلاف خداوند کریم پیغمبر بھیجتے رہے ہیں، پشتون قومی رشتے کو پارٹی نے نبھایا ہے اور ہم فکر کے رشتے سے منسلک ہیں، سیاسی جمہوری اور فکری تعلقات کو فروغ دینا پارٹی کے کارکنوں کی ذمہ داری ہے،پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کے جنوبی پشتونخوا کے مختلف اضلاع کے دورے سے گہرے، نہایت مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہورہے ہے، ہماری سرزمین کے قدرتی خزانوں پر قبضے جاری ہیں۔پشتون قومی حقوق کیلئے اپنی قومی پارٹی کو منظم کرنا ہوگا، آج ہم سندھ پنجاب میں محفوظ نہیں، پشتون پورے ملک میں سرومال کے خطرے سے دوچار ہیں، جہاں جہاں ہمارے قدرتی خزانے (معدنیات) ہیں اس کے بارے میں دہشت گردی کا واویلا مچاتے ہیں اور پھر ایف سی لاکر بٹھا دی جاتی ہے جو کہ معدنی خزانوں کے قبضے کا نیا طریقہ بنایا گیا ہے۔ ہم کیا کر رہے ہیں،ہم عوام اکٹھا کرنے میں لگے ہیں ہمارے کوئلے کے خزانوں سے دیگر سرمایہ دار بن گئے ہیں اور ہمارے لیئے صرف محنت اور مزدوری چھوڑ دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پارٹی ضلع کوئٹہ کے تحصیل صدر کے زیر اہتمام تربیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں حق اور باطل کو نہیں پہچان پاتی تو وہ تباہ ہوجاتی ہے، تمام تر انبیاء کا واحد مقصد اللہ پاک کا پیغام پہنچانا اور انسان پر جاری جبر کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ انسانوں کو صراط مستقیم پر لانا تھا۔ آج وہ دن ہے کہ مزید پیغمبر نہیں آئینگے مگر یہاں پر جاری جبر اور ظلم کو ختم کرنے کیلئے ہمارے نبی ﷺ کے تعلیمات اور انسان کی اپنی شعور کے بنیاد پرحق کا ساتھ دینے کیلئے فیصلے کا وقت ہے، ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم حق اور باطل کے اس جنگ میں حق کو نہیں پہچان پائے ہیں، اسی طرح یہاں پر ظلم اور جبر کے نظام کو ختم کرنے کاقوموں نے حل جمہورت میں تلاش کیا ہے اور ترقی بھی انہی لوگوں کی ہے جو یکجاء ہوئے ہیں اور فکری طور پر ایک ساتھ ہوئے ہیں، ہم بطور سیاسی پارٹی اپنے فکری ساتھی کو تمام ترعزیزوں پر بدترسمجھتے ہیں، ہم جب تک قبائلیت کے ناسور سے آزاد نہیں ہوتے تب تک ہم اسی طرح بدقسمت قوم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ پاک نے ہمیں سب سے زیادہ غنی وطن دیا ہے ہم ہمارے وطن کے دولتوں کو نہیں بچاپائے اور دوسری طرف ایک دوسرے کیخلاف دست وگریبان ہوکر معمولی معمولی باتوں پر خون خرابہ کرتے ہیں، ہمارے وسائل پر کسی اور کا قبضہ ہے اور ہمیں اب دو وقت کی روٹی میسر نہیں ہے،ان تمام حالات سے نجات کیلئے پشتونوں کو پشتونخواملی عوامی پارٹی کا دامن پکڑنا ہوگا، اب وقت ہوگیا ہے کہ قوم پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی قیادت میں متحدہوکر یک آواز ہوجائے کیونکہ پشتون قوم کی واحد راہ نجات پشتونخواملی عوامی پارٹی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے