پیپلزپارٹی کا انتخابات سے قبل سیاسی شخصیات سے رابطوں کا فیصلہ، کمیٹیاں تشکیل
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی نے عام انتخابات سے قبل سیاسی شخصیات سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پر سیاسی شخصیات سے رابطوں کے لیے پیپلزپارٹی کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہے۔پیپلزپارٹی کے اعلامیہ کے مطابق صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لیے کمیٹی میں سید نیئر بخاری، قمر زمان کائرہ، فیصل کریم کنڈی، محمد علی شاہ اور ساجد طوری شامل ہیں۔اس کے علاوہ سندھ کے لیے بنائی گئی کمیٹی میں سعید غنی اور سید ناصر حسین شاہ کا نام شامل ہے۔پیپلزپارٹی کی طرف سے بلوچستان کے لیے اعلان کردہ ناموں میں چنگیز خان جمالی، روزی خان کاکڑ، صابر علی بلوچ اور رخسانہ بنگش کو ذمہ داری دی گئی ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد ملک میں سیاسی گہما گہمی شروع ہو گئی ہے، سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی الیکشن مہم بھی شروع کر دی ہے۔اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا شکوہ کیا گیا تھا لیکن سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات وقت پر اور شفاف ہو ں گے۔