کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں پولیو مہم 24 نومبر بروز جمعہ سے شروع ہو گی، سید زاہد شاہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینٹر سید زاہد شاہ نے کہا ہے کہ سات روزہ انسداد پولیو مہم بلوچستان بھر میں 27نومبر سے شروع ہوگی جبکہ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت پشین اور قلعہ عبداللہ میں سات روزہ انسداد پولیو مہم 24 نومبر سے شروع ہو گی، مہم کے دوران 25لاکھ 96ہزارسے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کیاہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیووائرس کی موجودہے۔کوئٹہ،چمن،حب اور ڈیرہ بگٹی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، پولیو کے انسداد کے لئے پر عزم ہیں۔صوبائی کوارڈینٹر نے کہا کہ مخلصانہ کوششوں کے باعث بلوچستان گزشتہ دو سالوں سے پولیو فری صوبہ قرار پایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز نے ہرطرح کے سخت ترین موسمی حالات کے باوجود قومی فریضہ کی ادائیگی میں اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے ہیں، معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے۔سید زاہد شاہ نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران11 ہزار380کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی۔جن میں 9ہزار27 موبائل ٹیمیں،958 فکسڈسائٹ او ر630ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔