سڑکوں کی تعمیر میں کوئی سست روی قابل قبول نہیں این ایچ اے مقررہ مدت میں اپنا کام مکمل کرے، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے جمعرات کو کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت مواصلاتی شعبے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا نگراں وزیر اعلیٰ اسپینی روڑ، سریاب روڑ، لنک بادینی روڑ، ریڈیو ٹاور روڑ، ویسٹرن بائی پاس اور اسکمب روڑ منصوبوں کی تعمیراتی سائٹس پر گئے جہاں انہیں پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج رفیق بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبوں کے لئے منظور شدہ فنڈز کا اجراء بلا تاخیر ہورہا ہے جس کی بدولت منصوبوں پر کام تیز کردیا گیا ہے اور تمام منصوبے تکمیل کی جانب گامزن ہیں سڑکوں کی توسیع کی زد میں آنے والی مساجد سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کو تحریری مراسلہ بھیجوایا گیا تھا کونسل کی رائے آئندہ ہفتے تک آ جائے گی، جس کی روشنی میں مقامی علماء کے ساتھ بیٹھ کر معاملے کا قابل قبول حل تلاش کر لیا جائے گا نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان کو این ایل سی اور نیشنل ہائی وئے اتھارٹی کے حکام کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی۔

نگراں وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے سی ایم کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم این یچ اے کے مواصلاتی منصوبوں میں سست روی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے این ایچ اے حکام کو ایک ہفتے کے اندر تحریری طور پر کام مکمل کرنے کی حتمی تاریخ سے متعلق سی ایم سیکرٹریٹ کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فنڈز کے اجراء کے باوجود سڑکوں کی تعمیر میں کوئی سست روی قابل قبول نہیں این ایچ اے مقررہ مدت میں اپنا کام مکمل کرے مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں نگراں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سبزل روڑ کے بعض حصوں پر حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے پی اینڈ ڈی پروجیکٹ حکام اور این ایل سی مل بیٹھ کر حل تلاش کریں تاہم ترقیاتی منصوبوں پر کام بدستور جاری رکھا جائے تصفیہ طلب معاملات باہمی افہام و تفہیم سے اسٹیرنگ کمیٹی کے ذریعے حل کئے جائیں، نگراں وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ اسکمب روڑ توسیع منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کی تکمیل سے وسط شہر میں ٹریفک کے مسائل بڑی حد تک حل ہو جائیں گے پروجیکٹ کے تحت تجویز کردہ سپیشل ٹریفک پولیسنگ بے ہنگم ٹریفک کو منظم کرنے میں معاون ثابت ہوگی نگراں وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے ہدایت کی کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج پر پیش رفت سے متعلق جائزہ رپورٹ ہر ہفتے سی ایم سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائے منصوبوں کی تکمیل تک تمام منصوبوں کی پیش رفت کا ذاتی طور پر جائزہ لیتا رہوں گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے