330گرام کی روٹی کو پچاس روپیہ پر فروخت کرنا تندور مافیا اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے، ترجمان جمعیت

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے ڈپٹی کمشنر اور تندور ایسوسی ایشن کے باہمی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 50روپیہ کی روٹی کوئٹہ کے غریب عوام کے ساتھ ناقابل برداشت ظلم ہے،330گرام کی روٹی کو پچاس روپیہ پر فروخت کرنا تندور مافیا اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ جے یوآئی ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے عدلیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سوموٹو ایکشن لے کر تندور ایسوسی ایشن اور ڈپٹی کمشنر کے درمیان کے معاہدے کا نوٹس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی جو گرام وضع کیا گیا تھا ان کو بھی راتوں رات کم کیا گیا تو اس کو کسی نے چیک نہیں کیا اسی طرح یہ 330گرام بھی کم ہوکر عوام کو دھوکا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ روٹی کی اس قیمت کو مسترد کرتے ہوئے عوام سے بائیکاٹ کی اپیل کرتی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نیکنٹرول پرائس کمیٹی یا محکمہ انڈسٹریز کو اعتماد میں لئے بغیر جو ظالمانہ فیصلہ کیا ہے اس کے خلاف ہر آئینی قدم اٹھانے سے گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے پسے ہوئے طبقے کو مزید مصنوعی مہنگائی کے ذریعے سے اذیت سے دوچار کرنا انتہائی ناجائز اور حرام عمل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے