ہلال احمر کے زیر اہتمام زیارت میں مستحق سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم
کوئٹہ(ڈیلی گرین گو ادر)ہلال احمر کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کی ہدایت پر ہلال احمر صوبائی شاخ کے زیر اہتمام بلوچستان کے ضلع زیارت کے نواحی علاقوں گاوں سردار شہباز خان،واچ گوشی،بسر گئی،کوشکی،مردار کچ اور ذزری کے مستحق، سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔امدادی سامان میں کمبل،ہائجین کٹ،انگیٹھیاں،گرم ملبوسات،کارپٹس،جیکٹس ودیگر اشیاء شامل تھیں۔ہلال احمر پاکستان کے ریسپانس ہیڈ ذوالفقار احمد،ڈپٹی ڈایریکٹر فیلڈ آپریشن مہروزالدین مری اور پی پی ڈی ایم ایوب خان نے دو سو مستحق، متاثرہ گھرا نوں میں امدادی پیکج تقسیم کیا۔اس حوالے سے چیئرمین بلوچستان برانچ ٹکری شفقت لانگو کا کہنا تھا کہ ہلال احمر اور دکھی انسانیت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔متاثرہ گھرانوں کی مدد فرض عین ہے اور کسی بھی متاثرہ گھرانے کو ہلال احمر نے تنہا نہیں چھوڑا۔مرکزی چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کی بلوچستان برانچ اور بلوچستان کی پسماندہ عوام کے لئے خدمات قابل تعریف ہیں۔انہوں نے برانچ کے استحکام اور عملہ کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا ہے۔سیلاب کے بعد سے اب تک ہلال احمر کی خدمات جاری ہیں۔بلوچستان کے دیگر علاقوں منگوچر،پشین،قلات،گدر،وڈھ خضدار،لورالائی میں بھی امدادی پیکج مرحلہ وار تقسیم کیا جا رہا ہے۔ہلال احمر کے امدادی پیکج سے پانچ ہزار مستحق،متاثرہ گھرانے مستفید ہونگے۔