ڈیرہ اللہ یار، زمیندار ایسوسی ایشن اور کھاد ڈیلرز کا کھاد کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجاً بائی پاس پر کیمپ قائم

ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) ڈیرہ اللہ یار میں جے یو آئی، زمیندار ایسوسی ایشن اور کھاد ڈیلرز کا کھاد کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج، سیکڑوں افراد نے بائی پاس پر احتجاجی کیمپ قائم کرکے سندھ بلوچستان اور پنجاب کی ٹریفک بند کر دی، اوستہ محمد سے تعلق رکھنے والے کھاد ڈیلرز، زمیندار ایسوسی ایشن اور جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں نے جے یو آئی جعفرآباد کے سرپرست اعلیٰ حاجی علی مراد رند اور کھاد ڈیلرز کے صدر حاجی عبدالمالک سومرو کی قیادت میں ڈیرہ اللہ یار پہنچ کر سندھ بلوچستان کی سرحدی پولیس چوکی کے مقام پر احتجاجی دھرنا دیا اور بائی پاس پر احتجاجی کیمپ قائم کیا جسکے باعث سندھ بلوچستان اور پنجاب کی ٹریفک بند ہوگئی دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ٹریفک بند ہونے سے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، اس موقع پر جے یو آئی کے رہنماء حاجی علی مراد رند اور کھاد ڈیلر حاجی عبدالمالک سومرو نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ تین ماہ سے اوستہ محمد کو کھاد کی سپلائی نہیں کی جا رہی، سندھ انتظامیہ کھاد لانے والی گاڑیوں کو بلاجواز سندھ میں روک کر چالان کر رہی ہے جسکے باعث اوستہ محمد میں کھاد ناپید ہوگئی، کھاد کی عدم دستیابی سے ایک لاکھ 86 ہزار ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی گندم کی فصل جل رہی ہے، زمیندار اور کسانوں کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے، انکا کہنا تھا کہ سندھ انتظامیہ کا رویہ عوام دشمن اور کسان دشمن ہے، جب تک کھاد کی ترسیل شروع نہیں کی جاتی احتجاجی دھرنا جاری رہے گا اور شاہراہ بند رہے گی، ہمارے احتجاج کا نوٹس نہ لیا گیا تو چاروں صوبوں میں احتجاج کی کال دیکر تمام شاہرائیں بند کر دینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے