پشتون دشمنی پر مبنی اقدامات نے ملک کو مزید بحرانوں کی طرف دھکیل دیا، پشتونخوامیپ

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ایگزیکٹوز کا اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان کی صدارت میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریز ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، حاجی عبدالحق ابدال نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کی آزادی کے سپہ سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی پچاسویں برسی کی مناسبت سے دو دسمبر کو کوئٹہ میں منعقدہونیوالے عظیم الشان جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور انتظامات کے سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی۔ اجلاس میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی پچاسویں برسی عقیدت واحترام کے ساتھ منانے اور ہزاروں کی تعداد میں عوام کی جلسہ میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے پارٹی ضلع کوئٹہ کے تمام عہدیداروں، کارکنوں کو دو دسمبر تک مسلسل عوامی رابطہ مہم چلانے، عوام کو جلسے میں شرکت کی دعوت دینے اورجلسے کی کامیابی کیلئے اپنی صلاحیتوں کوبروئے کار لانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ ملک کی مخصوص سیاسی صورتحال کی تناظر میں پشتونخوامیپ کا یہ جلسہ اور پارٹی چیئرمین محترم محمود خان اچکزئی کا تقریر انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی، پشتونوں کی جاری معاشی قتل عام، ان پر روزگار، کاروبار، تجارت کے دروازے بند کرنے، شناختی کارڈ جیسے بنیادی دستاویز سے محروم رکھنے کیلئے غیر ضروری ناروا شرائط مسلط کرنے ودیگر پشتون دشمنی پر مبنی اقدامات ملک کو مزید بحرانوں کی طرف دھکیل دیگا، ایسی صورتحال میں پشتون قوم اپنی بقاء سرومال کے تحفظ اور بہتر مستقبل کیلئے بہتر سیاسی فیصلے کرنے ہونگے۔ پارٹی کے تمام کارکنان ضلع کوئٹہ کے تحصیلوں کی سطح پر ہونیوالے سیمیناروں میں بھرپور شرکت کرے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ دو دسمبر بروز ہفتہ ایوب سٹیڈیم کوئٹہ میں منعقد ہونیوالے جلسہ عام میں شرکت کرکے قوم، وطن دوستی اور جمہوریت پسندی کا اظہار کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے