نواز شریف کی مولانا فضل الرحمان کے گھر آمد، انتخابات سے متعلق بات چیت
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔ دونوں کے درمیان سیاسی معاملات، انتخابات، فلسطین اور دیگر موضوعات پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں فضل الرحمان نے کہا کہ نواز شریف تعزیت کرنے آئے تھے، ہم نے مل کر لمبی جدوجہد کی ہے، ہم پالیسی مل کر بناتے تھے، پچھلی ناجائز حکومت کے خلاف بھی ہم اکٹھے رہے، یہ ہم نے طے کیا ہے کہ ہم مستقبل میں باہمی تعاون اور ایڈجسمنٹ کے ساتھ مل کر چلنا چاہیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کسی کو اس کے پارٹی حق سے محروم نہیں رکھنا چاہیے، باہمی اختلاف مل کے لیے بہتر نہیں ہے، ماضی میں ہم نے بہت کچھ سنا ہے، بزرگ اور بچے کی سوچ میں فرق ہوتا ہے، ایک الیکشن تسلیم نہیں ہوا، متنازع ہو گیا۔
انہوں ںے کہا کہ الیکشن کمیشن تک ہمارا پیغام پہنچ گیا ہے، میری گفتگو کا مطلب قانون کو ہاتھ میں لینا نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک کو اچھی معیشت دیں، پی ٹی آئی میری نظر میں پارٹی ہی نہیں ہے۔
فلسطین کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے اول دن سے ہمارا موقف ہے، ہم اسے آگے لے کر جانا چاہتے ہیں جس طرح سے اسٹیٹ کی حمایت ہے فلسطین کے ساتھ ہیں، غزہ کے بچوں پر جس طرح سے ظلم ہو رہا ہے، خواتین کی لاشیں پڑی ہوئی ہیں، کھانے پینے کی اشیا کا مسئلہ ہے ایسے موقع پر ادھر غذا پہنچنی چاہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ دو اسٹیٹ کا تصور اب ختم ہو جانا چاہیے ہم اگلے جمعہ کو پھر سے یوم فلسطین منائیں گے، قائداعظم نے اسرائیل کو ناجائز بچہ قرار دیا تھا۔