ضروری ہے کہ ہم نوجوانوں اور خواتیں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کریں، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ خواتین ہر معاشرے کی زینت اور وقار ہیں. ہماری نصف سے زائد آبادی خواتیں پر مشتمل ہے لیکن یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ ہم آج بھی مختلف شعبوں میں انھیں مساوی حیثیت نہیں دے سکے ہیں. اسطرح ایک جانب ان کی حق تلفی ہو رہی ہے تو دوسری جانب معاشرہ اپنی نصف آبادی کی صلاحیتوں سے پوری طرح مستفید نہیں ہو رہا ہے. ضروری ہے کہ ہم نوجوانوں اور خواتیں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کریں اور قومی اور صوبائی بجٹ میں اس مقصد کے حصول کیلئے مناسب رقم مختص کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سربراہ بلوچستان یوتھ الائنس میر بہادر خان لانگو کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ پسماندہ معاشروں میں فلاحی اداروں کا کلیدی کردار ہے اور ان فلاحی اداروں سے وابستہ افراد کا جذبہ خدمت خلق لائق تحسین ہے. انہوں نے کہا کہ ہمیں ان تمام سیاسی و سماجی اشخاص پر فخر ہیں جو دن رات بلا رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت پیش پیش رہتے ہیں. گورنر بلوچستان نے کہا کہ معاشرے کے بیآواز لوگوں کی آواز بنا اور کو درپیش مسائل ومشکلات حکمرانوں تک پہنچانا آپ کا بڑا کارنامہ ہے. انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید مہارت سیکھنے کی اہمیت برابر بڑھ رہی ہے لہذا ضروری ہے کہ ہم فنی و تیکنیکی اداروں کی فعالیت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں. گورنر بلوچستان نے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔