امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا دورہ کوئٹہ کے موقع پر پاکستانی عوام کی سکیورٹی کیلئے چار نئے اور اہم اقدامات کا اعلان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر پاکستانی عوام کی سکیورٹی کیلئے چار نئے اور اہم اقدامات کا اعلان کر دیاجن کا مقصد پاکستان میں قانون نافذ کرنیوالے ادارں کی استعداد میں اضافہ کرنا ہے تاکہ عوام کا تحفظ اور امن و امان کی صورتحال یقینی بنائی جا سکے۔انسداد دہشتگردی فورس کی تربیتی سہولت میں توسیع چالیس لاکھ ڈالرز کے امدادی پیکج کے تحت بلوچستان پولیس کی انسداد دہشتگردی فورس کیلئے تربیتی سہولت میں توسیع کی جائیگی جبکہ فورس کی موجودہ صلاحیت میں دو اضافہ سمیت زیر تربیت اضافی آٹھ سو افراد کی بیک وقت تربیت و تعلیم کے لئے مالی تعاون فراہم کیا جائیگا۔امریکی حکومت کی جانب سے دورانِ سیلاب تباہ شدہ 10 تھانوں کی مرمت و اپ گریڈیشن کیلئے 20 لاکھ ڈالرز کی رقم مختص کی گئی ہے۔
مذکورہ پولیس اسٹیشنز کو فراہم کردہ سہولیات میں جدید طرز کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہے جیساکہ ڈجیٹل ریکارڈ مینجمنٹ اور تنازعات کے حل کیلئے متبادل نظام میں تعاون شامل ہیں، جن ک ے زریعے علاقہ مکینوں کو مؤثر طریقے سے خدمات فراہم کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔ علاوہ ازیں، ان سہولیات میں صنفی مسائل حل کرنے کیلئے ایک ڈیسک کا قیام بھی شامل ہوگا، جہاں کمزور اور متاثرہ آبادیوں کو نجی اور مناسب ماحول فراہم کیا جائیگا، تاکہ وہ جرائم سے متعلق باآسانی اطلاع دے سکیں، اس کیساتھ جرائم کے نتیجے میں پیدا ہونیوالے مسائل یا زخموں کی صورت میں خصوصی دیکھ بھال حاصل کر سکیں گے۔خواتین اور لڑکیوں سمیت تمام اہل پاکستان کیلئے خدمات کو بہتر بنانے کیلئے 10 نئے پولیس اسٹیشنز تعمیر کئے جائیں گے۔ اس ضمن میں اضافی بیس لاکھ ڈالر فراہم کئے جائیں گے۔ریاست ہائے متحدہ نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسران کو لاحق خطرات کا ادراک کرتے ہوئے آلات اور ساز و سامان کی مد میں ڈھائی لاکھ ڈالرز کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے تاکہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسران کو تحفظ فراہم کیا جائے اور وہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کی ڈیوٹی بہتر طریقے انجام دیں۔ اسٹیٹس بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ (INL) کے تعاون سے مذکورہ تمام منصوبہ جات کیلئے فنڈز کا اجراء اور ان پر عملدرآمد کیا جائیگا۔
آئی ا ین ایل کی جانب سے اس وقت پاکستان بھر میں تقریباً دو کروڑ ڈالرز کی مالی اعانت جاری ہے۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے مذکورہ اقدامات کے اعلان کے علاوہ آئی جی بلوچستان اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے نمائندگان کے ہمراہ بلوچستان میں خواتین اور بچیوں کیلئے پہلے سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔ یہ مرکز یو این او ڈی سی کے تعاون سے تعمیر کیا گیا تاکہ خواتین اور بچیوں کے تحفظ سے متعلق قانون نافذ کرنیوالے ادارں کی استعداد میں اضافہ ہو۔دورہ کوئٹہ کے دوران، امریکی سفیر بلوم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی سے بھی ملاقات کی۔ بات چیت میں امریکی امدادی پروگراموں سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا، اورامریکی سفیر بلوم نے بلوچستان سمیت پاکستان کے تمام حصوں کی اقتصادی ترقی کے لئے مضبوط امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔ امریکہ اور پاکستان کے درمیان چار دہائیوں سے زائد عرصہ سے عوام الناس کی سکیورٹی، امن و امان اور قانون کی حکمرانی کیلئے تعاون جاری ہے۔ اس باہمی اشتراک سے انصاف کے اداروں میں بہتری آئی ہے جبکہ پاکستانی سرحد کو محفوظ بنانے، منشیات اسمگلنگ کی روکتھام اور دہشتگری کا مقابلہ کرنے کیلئے قانوں نافذ کرنیوالے اداروں کو درکار وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کاوشوں نے پاکستانی عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ پاکستان کو مضبوط و مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔