میاں نواز شریف نے بلوچستان اور ملک کو ایک پرچم تلے اکھٹا کر لیا ہے، شیخ جعفر مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کے تاریخی دورے اور بلوچستان میں شمولیتوں کے بعد پارٹی کی ملک گیر مقبولیت میں زبردست اضافہ ہوا ہے، کچھ دوست نما آستین کے سانپوں کو مسلم لیگ(ن) کی کامیابی ہضم نہیں ہورہی اس لئے وہ ٹیلی وژن اور دیگر فورمز پر منفی تاثر پھیلا رہے ہیں، وہ جتنی بھی کوشش کر لیں مسلم لیگ(ن) ملک کی سیاست کی اٹل حقیقت ہے اور آئندہ عام انتخابات میں وفاق،بلوچستان اور دیگر صوبوں سے پارٹی کامیاب ہو گی۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے دورہ بلوچستان کے دوران صوبے بھر کی قد آورسیاسی وقبائلی شخصیات کی شمولیت کے بعد مسلم لیگ(ن) کی کامیابی اور مقبولیت کا گراف انتہاء اوپر گیا ہے بلوچستان کے دورے کے اثرات صرف صوبے ہی نہیں بلکہ سندھ اور خیبر پختونخواء سمیت ملکی سیاست پر مرتب ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ میاں نواز شریف نے بلوچستان اور ملک کو ایک پرچم تلے اکھٹا کر لیا ہے اس کامیابی سے پارٹی کے لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور وہ خوش ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ بہت سے لوگوں کو تکلیف بھی ہورہی ہے کچھ دوست نما آستین کے سانپ دل ہی دل میں یہ بغض رکھتے ہیں کہ پارٹی نے اتنی بڑی کامیابی کیسے حاصل کرلی۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بظاہر کچھ لوگ ہماری صفوں میں شامل ہیں لیکن اندرونی طور پر وہ ہماری کامیابی سے خائف ہیں جس کی واضح مثال سیاسی جماعتوں اور مخصوص اینکرز کی جانب سے منفی تاثر دیکر ہماری مقبولیت کو منفی انداز میں پیش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ منفی تبصرے کرنے والے در اصل مسلم لیگ(ن) کے خوف میں مبتلا ہیں لیکن انہیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ پارٹی میں مزید شمولتیں بھی ہونگی اور ہم عوام کی حمایت اور طاقت سے وفاق اور بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) ہی حکومت بنائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے