غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں تیزی،2 صحافیوں سمیت31 فلسطینی شہید

غزہ(ڈیلی گرین گوادر) اسرائیل نے غزہ پر جارحیت کے 44 ویں دن دو پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کرکے تمام حدیں پار کرلیں جس میں 31 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

الجزیرہ نیوز کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ روز غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکولوں الفاخورہ اور تل الزعتر کو بمباری کرکے ملبے کا ڈھیر بنادیا تھا جب کہ آج النصریت نامی ایک اور پناہ گزین کیمپ پر بھی وحشیانہ بمباری کی گئی۔ان حملوں میں 2 صحافیوں سمیت متعدد بچے، خواتین اور بزرگ شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔ ملبے کے ڈھیر سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق رات سے جاری ان حملوں میں مجموعی طور پر 31 فلسطینی شہید اور دو درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔ان تازہ حملوں میں 31 فلسطینیوں کی شہادت سے 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہدا کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 25 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق غزہ میں 6 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں جو ان کیمپوں میں اور اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے جن پر اب اسرائیل بمباری کر رہا ہے۔ 5 مساجد کو بھی شہید کیا جا چکا ہے۔اسی طرح 7 اکتوبر سے غزہ کی اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث 23 لاکھ افراد پانی، کھانے اور ایندھن سے محروم ہیں۔ اسپتال تباہ کردیئے گئے اور مواصلاتی نظام منقطع ہے۔

اقوام متحدہ سمیت کئی ممالک نے غزہ میں اسپتالوں، اسکولوں، عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے سمیت بچوں اور خواتین کی ہلاکتوں پر اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر قطر کی ثالثی میں اسرائیل، امریکا اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کی رہائی اور چند دنوں کے لیے عارضی جنگ بندی کے معاہدے پر اسرائیلی ہٹ دھرمی کے باعث اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے