ہماری قیادت کو شہید کیا گیا لیکن اس کے باوجود جیالے آج بھی میدان میں موجود ہیں، بلاول بھٹو

پشاور (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر آج بھی کوئی سمجھتا ہے وہ زبردستی کسی کو وزیراعظم بناسکتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، ہم اس کا مقابلہ کریں گے اور کسی آئی جے آئی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

پشاور میں ورکر زکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ میں نے بطور وزیرخارجہ دن رات محنت کی ہے، ہمارے چند ماہ کا موازنہ ہم سے پہلے کی حکومت سے کریں، معیشت کے مسائل حل کرنے کیلئے جیالا وزیراعظم بنانا پڑے گا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کبھی بھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، ہماری قیادت کو شہید کیا گیا لیکن اس کے باوجود جیالے آج بھی میدان میں موجود ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ عوام پرانے سیاستدانوں سے بیزار ہوچکے ہیں، کسی کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنانےکے بجائے نوجوانوں کو موقع دینا چاہیے، اگر آج بھی کوئی سمجھتا ہے وہ زبردستی کسی کو وزیراعظم بناسکتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، ہم اس کا مقابلہ کریں گے اور کسی آئی جے آئی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے عمران خان پر نام لیے بغیر تنقید کی اور ڈرپوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دور میں بھی ایسے شخص کو مسلط کیاگیا تھا جس نے نوجوانوں کو سکھایا کہ یو ٹرن لیڈر کی نشانی ہے، تبدیلی کا نام لینے والوں نے تباہی پھیر دی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ ایک دھوکہ کیا گیا، یہاں صحت کارڈ کے ذریعے فنڈز نجی اسپتالوں کو دیےگئے اور اس اقدام سے سرکاری اسپتالوں کا معیار نیچے گرگیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے