سول سروس ریفارمز بلوچستان کی ترقی کے لئے ناگزیر ہیں،عبدالمالک کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان سول سیکرٹریٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدرعبدالمالک کاکڑ نے کہا ہے کہ سول سروس ریفارمز بلوچستان کی ترقی کے لئے ناگزیر ہیں،نگران وزیراعلی بلوچستان بی ایس ایس کیڈر کے دیرینہ مسئلہ فیلڈ شیئر کو فوری طور پر حل کریں،سابق وزیر اعلی بلوچستان جام کمال اور ان کی کابینہ نے وژن بلوچستان کے تحت سول سروس ریفارمز کی منظوری دی تھی سابق وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی سابقہ کابینہ کے فیصلوں کی توثیق کی سابق چیف سیکرٹری بلوچستان جو کہ منتخب حکومتوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کے ذمہ دار تھے انہوں نے دونوں حکومتوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کے بجائے بلوچستان کے اربوں روپے مالیت کی زمینوں کی الاٹمنٹ اور چینی پرمٹ کو ترجیح دی۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چینی، یوریا،ڈالر اور ہر قسم کی سمگلنگ ایرانی پیٹرول اور اشیاء خورونوش کی ذخیرہ اندوزی نے بلوچستان کی معیشت کو تباہ کردیا ہے سول سیکرٹریٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمیشہ سے کوشاں رہی ہے اداروں میں سیاسی مداخلت کے خاتمے کے لیے اقدامات نہ اُٹھائے گئے تو ہرقسم کی سیاسی مداخلت کی مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی طرف سے کیڈر پوسٹ پر اوگرا کے ملازم کی تعیناتی نا قابل قبول ہے گریڈ 19 کے سول سروس آفیسر کو ایک کمپنی کے ملازم کے ذریعے ہٹانے کے عمل اداروں کی تباہی کا سبب بنے گی آج بلوچستان کے 36 اضلاع میں زیادہ تر ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز بی سی ایس (ایگزیکیٹیو گروپ) کے تعینات ہیں اور 95 فیصد بی ایریا میں امن و امان کے ذمہ دار ہیں مگر موجودہ صورتحال میں عوام کا جان و مال کا تحفظ سوالیہ نشان بنا ہوا ہے لہٰذا حکومت کو خیبر پختونخواکی طرز پر پورے بلوچستان کو اے ایریا میں تبدیل کرنے کا فوری فیصلہ کرنا ہوگا تاکہ صدیوں پرانا متروک مضحکہ خیز نظام ختم ہو اور نظام میں جدّت آئے کیا ریونیوافسر دنیا میں کہیں جرائم کی روک تھام کر سکتا ہے؟ چینی،یوریا اسمگلنگ میں ڈپٹی کمشنرز کے خلاف انکوائری کا معاملہ بھی دبا دیا گیا ہے جس کو ہر فورم پر اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ایس کیڈر کا فیلڈ شئیر نوٹیفیکیشن کو بلا جواز روکنا سمجھ سے بالاتر ہے مذکورہ ریفارمز میں بی ایس ایس کیڈر اور بی سی ایس (ایگزیکیٹیو گروپ) کے مابین پروموشن کے تنازعہ کے ساتھ ساتھ بی ایس ایس کیڈر کے لیے فیلڈ انٹری بھی منظور ہوئی تھی اُس وقت کے چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی نے کمیٹی کے تحت تحریری ضمانت دی کہ دونوں گروپ پہلے مرحلے میں پرموشن کا مسئلہ حل کریں بعد میں حکومت بی ایس ایس کا فیلڈ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اس طرح اگست 2022 کے نوٹیفیکیشن میں فیلڈ افسران کو سیکرٹریٹ میں پروموشن کا اہل قرار دیا گیا مگر فیلڈ نوٹیفکیشن کو بلاوجہ تعطل میں تاحال ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم یہ بات انتہائی ذمہ داری کے ساتھ کہتے ہیں کہ بی سی ایس (ایگزیکیٹیو گروپ) کے اپنے سروس رولز صرف گریڈ 17 (اسسٹنٹ کمشنر) تک ہیں اور انکا مزید پروموشن لینا ممکن نہیں یہ بات ہم نے 8 نومبر 2023 کو ایک میٹنگ میں نئے پوسٹڈ سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی جنابِ آغا فیصل احمد اور انکے ایڈیشنل سیکرٹری عثمان تنویر، ایڈیشنل سیکرٹری مہر اللہ بادینی اور ایڈیشنل سیکرٹری ریگولیشن محمد رفیق کو بتا دیا اور ریونیو افسران کے سیکرٹریٹ پوسٹوں پر پروموشن پر تحفظات کا اظہار کیا اگر حکومت ہمارا فیلڈ نوٹیفکیشن کا مسئلہ حل نہیں کرتی تو اگست 2022 کے نوٹیفیکیشن سے ہم دستبردار ہوتے ہیں اور حکومت دونوں سروس گروپس کو اپنے اپنے رولز میں پروموشن دے،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان صوبائی پروموشن بورڈ کے چیئرمین ہیں لہٰذا ان کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیئے آنے والے بورڈ میٹنگ میں ایسوسی ایشن کو افسران کا بھاری مینڈیٹ شئیر نوٹیفیکیشن کے اجراء اور بلوچستان کی معیشت اور ریونیو میں اضافے کے لیے ملا ہے۔ احتجاج کے بجائے ہمیشہ ڈائیلاگ کا راستہ اپنایا لیکن ہر بار مایوسی ہوئی ہم ایک بار پھر نگران حکومت کو آگاہ کرتے ہیں کہ مذکورہ نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے احکامات صادر کرے وزیراعلی بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری اور پرسنل سٹاف آفیسر اپنا مثبت کردار ادا کریں اور افسران کو احتجاج پر مجبور نہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے