پشتون انتہاپسنداو ردہشت گرد نہیں بلکہ دنیا کی پرامن ترین قوم ہے،اصغر خان اچکزئی

چمن(ڈیلی گرین گوادر)عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ افغان کڈوال کے ساتھ ناروا سلوک افسوسناک ہے، پشتون انتہاپسنداو ردہشت گرد نہیں بلکہ دنیا کی پرامن ترین قوم ہے ملک بھر میں پشتونوں پر تجارت،کاروبار اور تعلیم کے دروازے بند کرنے کی سازش کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا،شہید حاجی جیلانی خان اچکزئی، اسدخان اچکزئی کی برسی اور ارباب غلام کاسی ایڈووکیٹ کے چہلم کی مناسبت سے چمن میں منعقدہ جلسہ عام پشتون قومی مسائل کے حل کی راہ میں سنگ میل ثابت ہوگا، ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی، ضلع چمن کے آرگنائزر صلاح الدین وطنیار، عبدالخالق حقمل،کلیم اللہ حکمتیار و دیگر نے پارٹی کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضلعی آرگنائزر صلاح الدین وطنیار کی زیر صدارت منعقد ہ اجلاس میں شہید خان جیلانی خان اچکزئی کی 13ویں برسی، شہید اسد خان اچکزئی کی تیسری برسی اور پارٹی کے بزرگ رہنماشہید ارباب غلام کاسی ایڈووکیٹ کے چہلم کی مناسبت سے جلسہ عام کی تیاریوں اور انتظامات کا جائز ہ لیاگیا۔ اجلاس میں پارٹی ذمہ داران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں 26نومبر کے جلسہ عام کے سلسلے میں مختلف فیصلے کئے گئے اورا نتظامات پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اتوار 26نومبر کو عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام شہداوطن کی یاد میں منعقدہ جلسہ عام میں چمن کے غیور عوام بھرپور انداز میں شرکت کریں گے اس جلسہ عام سے دیگر مرکزی و صوبائی قائدین سمیت پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدرخان ہوتی خصوصی خطاب کریں گے۔ یہ جلسہ عام پشتونخوا وطن میں جاری ناانصافیوں کے خاتمے او رپشتون مسائل کے حل کی راہ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اصغرخان اچکزئی، صلاح الدین وطنیار، عبدالخالق حقمل،کلیم اللہ حکمتیار کا کہنا تھا کہ یہ وقت پشتونوں سے اتحاد واتفاق کا تقاضا کرتا ہے اس سال اپنے شہداکی برسی اور چہلم ہم ایسے حالات میں منانے جارہے ہیں جب پشتون افغان قوم اور وطن کو بقا کا مسئلہ لاحق ہوچکا اہے فغان کڈوال عوام کی شدید سردی کے موسم میں یہاں سے جبری بیدخلی ڈیورنڈ لائن پر آمدورفت کو پاسپورٹ سے جوڑنے ملک بھر میں پشتونوں کو حراساں کرنے کے واقعات افسوسناک ہیں ہر طرف سے پشتونوں کو تنگ اور ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے ایک طرف افغان کڈوال کے ساتھ ناروا سلوک جار ی ہے تو دوسری جانب پاسپورٹ کے اجراکے نام پر پشتونوں کو ایک دوسرے سے دور کرنے کی کوشش ہورہی ہے جبکہ پنجاب اور سندھ سمیت ملک بھر میں پشتون تاجروں کو الگ سے پریشان کیا جارہاہے ان کے گوداموں پر چھاپے مارکر ان سے مجرموں جیسا سلوک کیاجارہا ہے پشتونوں کو انتہاپسند اور دہشت گرد ثابت کرنے کی سازش ہورہی ہے عوامی نیشنل پارٹی نے پہلے بھی ا س طرح کے سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے آج بھی ہم صف اول میں کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے قومی فکر کی آبیاری میں ہر طرح کے مصیبتوں اور ٹارچر کا مقابلہ کیا ہے شہید خان جیلانی خان اچکزئی کی تیرہویں برسی، اسدخان اچکزئی کی تیسری اور پارٹی کے بزرگ رہنماارباب غلام ایڈووکیٹ کاسی ایڈووکیٹ کے چہلم کی مناسبت سے26نومبر کو چمن میں تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا پارٹی عہدیداران اس جلسہ عام کی تیاریاں تیز ترکریں اورا نتظامات کو حتمی شکل دیں اس جلسہ عام سے امیر حیدر خان ہوتی سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے