نیشنل پارٹی دروغ گوئی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،پروفیسر حلیم صادق

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر عبدالحلیم صادق سمالزئی نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی دروغ گوئی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہے ہم نے کبھی بلوچستان اور یہاں کے عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا دور وزارت بلوچستان کی تاریخ کا سنہرا باب تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں، قبائلی عمائدین اور دیگر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے بابا بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کے فلسفہ اور نظریات کو بنیاد بنا کر بلوچستان کے حقوق کے لیے جدوجہد کا تعین کیا۔ جس میں جھوٹ، فریب دھوکہ دہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ نیشنل پارٹی کی سیاست کا محور بلوچستان ہی رہا ہے۔ ہم نے کبھی اقتدار کی ھوس نہیں کی۔ کیونکہ نیشنل پارٹی کے لیے بلوچستان اور یہاں کے عوام مقدم ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ بلوچیت اور بلوچستان کے نام پر سیاست کرنے والوں نے ابھی ماضی قریب میں پر آسائش اقتدار کا دور گزارا۔ مگر بلوچستان اور یہاں کے عوام کے لیے ایسا کوئی عمل ثابت نہیں کر سکتے جس سے بلوچستان اور یہاں کے عوام کی زندگی میں کوئی تبدیلی ائی ہو۔ انہوں نے کہا۔ کہ اٹھ فروری کا سورج ایک مرتبہ پھر بلوچستان اور بلوچ عوام کے حقیقی جماعت نیشنل پارٹی کی کامیابی کا پیغام لے کر طلوع ہوگا۔ کارکن انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے