خان شہید کی تعین کردہ راہ ہی ہمیں قومی مشکلات سے نجات دلاسکتی ہے،پشتونخواملی عوامی پارٹی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں کے کہا ہے کہ خان شہید کی تعین کردہ راہ ہی ہمیں قومی مشکلات سے نجات دلاسکتی ہے،پشتونخوامیپ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ملک کی 75سالہ تاریخ میں خان شہید کی تشکیل کردہ پارٹی پشتونخوامیپ محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں کبھی بھی کسی آمر اور غیر جمہوری شخص یا نظام اور پالیسی کی پارٹی نے حمایت نہیں کی۔ اگر پہلے دن سے اس ملک کو خان شہید جیسے سیاسی، جمہوری، وطن دوست اکابرین کے سیاسی جمہوری ویژن پر عملدرآمد کرکے چلایا جاتا تونہ مشرقی پاکستان کی شکل میں یہ ملک ٹوٹتا اور نہ ہی یہ آئینی، معاشی، سیاسی اور معاشرتی بحرانوں سے دوچار ہوتا،خان شہید کو ان کی لازوال جدوجہد وقربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 2دسمبر بروز ہفتہ کوئٹہ میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام میں شرکت کرکے قوم دوستی، وطن دوستی، جمہوریت پسندی کا ثبوت دیں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل کچلاغ کمیٹی اجلاس تحصیل سیکرٹری ملک نادر کاکڑ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پشتونخوامیپ کے صوبائی سینئر نائب صدر ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے سینئرمعاونین سعید خان کاکڑ، نصیر احمد کاکڑ، ضلع معاون ظفر بازئی ودیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پارٹی کے زیر اہتمام خان شہیدعبدالصمد خان اچکزئی کی برسی 2دسمبر کونہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائیگی۔ اس سلسلے میں پارٹی تحصیل کچلاغ کے تمام عہدیداروں، کارکنوں نے شب وروز محنت کرنی ہوگی اور عوام کو گھر گھر جاکر دعوت دینی ہوگی کہ وہ جلسہ عام میں شرکت کرے جبکہ کچلاغ میں وال چاکنگ، اناؤسمنٹ، پارٹی جھنڈیوں کی تیاریوں اور انہیں اپنے گھروں پر آج ہی سے لگائیں جائیں اور جلوس کی شکل میں ہر کارکن اپنا پرچم ساتھ لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کوئٹہ بالخصوص کچلاغ تحصیل کے تمام علاقوں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو جینا محال کردیا ہے، ایسے علاقے بھی موجود ہیں جہاں 24گھنٹوں میں صرف 4گھنٹے بجلی کی فراہمی کی جارہی ہے، جبکہ بجلی کے بلز بھاری برکم بلوں کے ساتھ بھیجے جارہے ہیں۔ اسی طرح گیس ایک بار پھر کچلاغ کے علاقوں سے غائب ہوتاجارہا ہے، کچلاغ کے عوام کو گیس کی فراہمی کیلئے پارٹی نے بھرپور جدوجہد کی اور کوئٹہ سے کراچی تک سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کو مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے اقدامات پر زور دیا تھا۔ لیکن آج ایک بار پھر گیس کی پریشر میں کمی کے مسئلے سے صارفین دو چار ہوتے جارہے ہیں۔سوئی سدرن گیس کمپنی کچلاغ کے تمام عوام کو گیس کی درست پریشر کے ساتھ فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کچلاغ پولیس تھانوں میں افغان کڈوال عوام کے ساتھ جاری امتیازی سلوک قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، نااہل حکمرانوں کی کوئی پالیسی معلوم نہیں انہیں یہ بھی نہیں پتہ کہ نگران حکومت کا دائرہ کار اور دائرہ اختیار آئین میں کیا ہے اور ایسے عوام دشمن حکمران اپنی نااہلی کے ذریعے ملک کو مزید بحرانوں اور مشکلات سے دوچار کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ افغان کڈوال جن کے پاس دستاویزات موجود ہیں انہیں بھی پولیس تھانوں میں لایا جارہا ہے، رشوت خوری کیلئے انہیں حبس بیجا میں رکھا جارہا ہے، جبکہ بعض ایسے مقامی پشتون عوام جن کے پاس شناختی کارڈہیں انہیں بھی گھروں، دکانوں سے اُٹھا کر تھانے لایا جاتا ہے اور گھنٹوں گھنٹوں تحقیقات کے نام پر تنگ کیا جاتا ہے۔ اس صورتحال کا آئی جی پولیس نہ صرف کچلاغ کے پولیس تھانوں بلکہ ضلع کوئٹہ کے تمام پولیس تھانوں کا نوٹس لیں اور ملوث آفیسران واہلکاران جو کے عوام کی تضحیک وتذلیل اور رشوت خوری میں مصروف ہیں کیخلاف کارروائی کی جائے۔