(ن)لیگ میں شمولیت سے متعلق بہت جلد فیصلہ کر کے اعلان کریں گے،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں بلوچستان پاکستان کی ترقی کی بنیاد ہے ملک اور قوم کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے اتفاق، اتحاد اور اشتراک عمل ناگزیر ہے،لشکری خاندان سے تعلق 50سال سے ہے سیاست اپنی جگہ لیکن ہم نے ہمیشہ خاندانی تعلق کا احترام کیا، نوابزدہ حاجی لشکری رئیسانی نے ہمیشہ مثبت قوم پرستی کی سیاست کی ہے چاہتے ہیں کہ وہ اپنا سیا سی صفر ہماری پارٹی کے ساتھ جا ری رکھیں،بلاول بھٹو چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، 16 ماہ ایک ساتھ ملکرکام کیا ہے،عوام نے جس کووزیراعظم منتخب کریں گے قوم اسے قبول کرے گی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ میں ساروان قبیلے کے سربراہ وسابق وزیراعلی نواب محمد اسلم خان رئیسانی اورنوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کے بعد صحا فیوں سے بات چیت کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سردار ایاز صادق، مسلم لیگ (ن) بلو چستان کے صدر شیخ جعفر خان مندوخیل، چوہدری نعیم کریم، نصیر خان اچکزئی اور میر ہمائیوں عزیز کردبھی موجو د تھے۔سابق وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا کہ اپنے بھائیوں نواب محمد اسلم رئیسانی اور نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سے ملنے آیا ہوں، ہمارااس خاندان سے 50 سال سے تعلق ہے سیاست اپنی جگہ لیکن ہم نے ہمیشہ خاندانی تعلق کا احترام کیا، 70کی دھائی میں نواب محمد اسلم رئیسانی اور حاجی لشکری رئیسانی کے والد جب لاہور آتے تھے تو ہمارے گھر ہی ٹھہرتے تھے، اللہ تعالیٰ انکے والدمحترم کو جنت میں جگہ عطا فرمائے۔ سابق وزیر اعظم میاں شہبازشریف نے کہا کہ نواب محمد اسلم رئیسانی اور حاجی لشکری رئیسانی صرف بلوچ قبائل سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ وہ ایک محب الوطن پاکستانی بھی ہیں ہمیں ملکر بلو چستان کو خوشحال بنانا ہے اور سیا سی سماجی، معاشی، معاشرتی مسائل کو حل کرنا ہے،نوازشریف آج صرف ایک سیاستدان نہیں ایک مدبرہیں، ان کی تمام صوبوں کے ساتھ والہانہ محبت ہے اور بلوچستان کیلئے عملی کاوشیں سب کے سامنے ہیں، گوادر پورٹ جیسا بڑا منصوبہ سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت کے 4 سال میں جو تباہی وبربادی ہوئی وہ سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں وہ بطور بلوچ پاکستان کی تر قی اور خوشحالی کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلو چستان کے بڑے سیا سی رہنماؤں نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی ہے، سیا ست کوقوم کی خدمت،ملک کو جوڑنے اور بلو چستان کے مسائل کو حل کر نے کا ایک ذریعے بنائیں گے تو پھر وہ سیا ست نہیں بلکہ عبادت ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ بلو چستان کسی ایک قبائل کا نام نہیں ہے 75سالوں میں جو خرا بیاں ہوئی ہیں انہیں ٹھیک کر نے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈر کو مل بیٹھ کر ڈھنڈے دل اور پختہ سوچ کے ساتھ ٹھیک کر نا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جب وزیر اعظم تھا تب بھی تمام اسٹیک ہولڈرز سے کہا کرتا تھا کہ بلو چستان کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے اور معاشی حالات کو بہتربنا نے کے لئے اقدامات اٹھانے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، 16 ماہ ایک ساتھ ملکرکام کیا ہے انکے ساتھ بہت اچھے تعلقات تھے اور ہیں عوام نے جس کو وزیراعظم منتخب کریں گے قوم اسے قبول کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ جب 2018میں حکومت ختم ہو ئی تو بہت سے لوگ پارٹی میں آئے اور بہت سے لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے ہمیں پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے،پاکستان کی تر قی و خوشحالی سے ہی ہماری خوشحالی ہے 76سالوں میں جو حشر ہو ا ہے وہ سب کے سامنے ہے رونے دھونے اور الزام تراشی سے کچھ نہیں ہوگا، مناسب بات یہ ہے کہ ہم سب اپنے گریبانوں میں جھانکیں، سب تجزیہ کریں کہ کہاں غلطیاں ہوئیں اور کہاں کس نے زیادتی کی اور سبق حاصل کر کے ملک کو دوبارہ صحیح راستے پر چلانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 16ماہ کی مخلوط حکومت کے بے پناہ فوائد اور نقصانات بھی تھے مخلوط حکومت میں مشاورت سے فیصلے بھی ہوتے تھے لیکن منفی بات یہ تھی کہ فیصلوں میں تاخیر ہوتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ جب بلو چستان میں سیلاب آیا تو ہمیں گھروں میں تو نہیں بیٹھے ہوئے تھے میں نے جگہ جگہ دورہ کر کے 100ارب دکھی انسان کے لئے مہیا کئے، پاکستان کو پچھلی حکومت نے دیوالیہ ہو نے تک پہنچا دیا تھا لیکن ہم نے کس طرح ملک کو دیوالیہ ہو نے سے بچایا یہ صرف ہم جا نتے ہیں ہماری سیا ست کو بھی نقصان پہنچا ہے اگر ریاست نہیں بچتی تو ہماری حالت سرلنکاسے بھی بدتر ہو جا تی اور ملک میں بد ترین حالات ہو جا تے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کے دوران گزشتہ 4سال کی مہنگائی چلی جا رہی تھی غلطیاں انسان ہی کرتا ہے لیکن قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو تر قی کی جانب گامزن کر نے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔اس موقع پر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت باعث اعزاز ہے ملک بالخصوص صوبے کو درپیش مسائل کاحل سیاسی عمل کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف ملک کے مسائل سے بخو بی واقف ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ انکے مسائل کے حل کے لئے تجاویز ہوں گی ہم نے اس سیاسی عمل کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے اور صوبے کو ڈائلوگ کے ذریعے بہتری کی جانب گامزن گے،(ن)لیگ میں شمولیت سے متعلق بہت جلد فیصلہ کر کے اعلان کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے