چاند نظرنہیں آیا، یکم جمادی الاول جمعرات 16 نومبر کو ہوگی،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)ملک میں جمادی الاول کا چاند نظر نہیں آیا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی علاقے سے چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی جس کے بعد متفقہ فیصلہ کیا گیاکہ یکم جمادی الاول 1445 جمعرات 16نومبر کو ہوگی۔انہوں نے افواج پاکستان کے شہدا کیلئے دعائے مغفرت کرائی اور کہا کہ خودکش حملوں اور دہشت گردی کےخلاف10ہزار سے زائد علما نے فتویٰ دیا۔
مولاناعبدالخبیرآزاد کا کہنا تھاکہ اسرائیل نے دہشت گردی کی انتہا کردی، اسرائیل فلسطینیوں پر بدترین ظلم ڈھا رہا ہے، غزہ کے مسلمانوں کا ساتھ نہ دیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے بھی فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان کیا، اسرائیل دہشت گردریاست ہے، اللہ فلسطین،کشمیرکےمسلمانوں کی مددفرمائے۔