پیپلز پارٹی نے اس ملک میں سیاست کرنے کی بہت بڑی قیمت ادا کی ہے،غزالہ گولہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر غزالہ گولہ، جنرل سیکرٹری زرینہ زہری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اس ملک میں سیاست کرنے کی بہت بڑی قیمت ادا کی ہے، مگر بھٹو کا فلسفہ آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے،پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے اس سے قطعہ نظر کہ صورتحال کتنی مشکل ہے یا ہمیں کتنی مخالفت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ہم اپنے ملک کے لیے ہمیشہ لڑتے رہیں گے،پارٹی کے چیئرمین اور مرکزی قائدین کا کوئٹہ پہنچنے پر شانداراستقبال کیا جائے گا 30 نومبر کوکوئٹہ میں ہونے والا جلسہ ان شا اللہ سابقہ ہونے والے تمام جلسوں کے ریکارڈ توڑ دے گا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی حمایت سے 8فروری 2025ء کو ہونے والے عام انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہوکرحکومت بنا کر پاکستان کی قسمت بدلے گی۔انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کے باوجود ماضی کی طرح انشااللہ اس بار بھی پاکستان پیپلز پارٹی عام انتخابات میں کامیابی حاصل کریگی کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اور ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلندکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحران اور مہنگائی کے اس دور میں نوجوانوں کومشکلات سے نکالنا پیپلز پارٹی اپنا فرض سمجھتی ہے،ہم اقتدار میں آئے تو نوجوانوں کے لیے بہترین تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے مواقع فراہم کریں گے تاکہ لوگ معاشی مشکلات سے نکل سکیں۔انہو ں نے کہاکہ 30نومبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر کوئٹہ میں ہونے والاجلسہ بلوچستان کی سیاسی تاریخ کاسب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے