ٹرشری کئیر اسپتالوں سمیت تمام اضلاع میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت منگل کو یہاں محکمہ صحت کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں میں کانگو وائرس، گیسٹرو کی روک تھام ادویات کی فراہمی و دیگر امور پر غور کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ ٹرشری کئیر اسپتالوں سمیت تمام اضلاع میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے غریب عوام کی ایک بڑی تعداد علاج معالجے کے لئے ان اسپتالوں کا رخ کرتی ہیں اور اگر یہاں علاج معالجے کی سہولیات اور ادویات نہیں ہوں گی تو یہ افسوسناک پہلو ہوگا نگراں وزیر اعلیٰ نے گزشتہ سال ادویات کی خریداری میں سست روی اور دوا ساز کمپنیوں کو بروقت عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کئے انہوں نے کہا کہ فنڈز کی دستیابی کے باوجود ادویات کی خریداری میں تاخیر نا قابل برداشت ہے سست روی کے مرتکب افسران کی نشادہی کرکے ان کے خلاف انکوائری عمل میں لائی جائے انہوں نے کہا کہ فریم ورک کنٹریکٹ میں حائل مشکلات کے حل کے لئے بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے حکام سے بات چیت کرکے مسائل کا حل تلاش کیا جائے چھ سال سے طبی مشینری کی خریداری نہ ہونے کے باعث سرکاری اسپتالوں میں تشخیصی سہولیات کا فقدان ہے اس لیے شفافیت پر مبنی طریقہ کار کے تحت طبی آلات اور مشینری کی خریداری کا عمل فوری شروع کیا جائے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ اسپتالوں میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائے اور اسپتالوں سے نکلنے والے کوڑے کو ایس او پیز کے مطابق تلف کیا جائے یا باقاعدہ ٹھکانے لگایا جائے تاکہ اس سے کوئی بھی امراض یا وبا نہ پھیلے نگراں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہیلتھ کارڈ کے تحت پینل میں شمولیت کے خواہش مند نجی اسپتالوں کا معیار چیک کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے اور یہ معاملات خالصتاً میرٹ اور معیار کے مطابق ہی کئے جائیں انہوں نے کہا کہ سبی میں گیسٹرو کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت، محکمہ آبپاشی اور پی ایچ ای مشترکہ اقدامات اٹھائیں اور گیسٹرو کے پھیلنے کی بنیادی وجوہات کا تدارک کرتے ہوئے مستقبل میں اس طرح کی بیماری کو پیشگی روکنے کے لئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں سیکرٹری صحت بلوچستان عبداللہ خان نے اجلاس کو بتایا کہ ادویات کی خریداری کا پہلا ٹینڈر رواں سال جولائی میں ہوا جس کے تحت مطلوبہ ادویات کی ایک بڑی کھیپ کی ترسیل ہوچکی ہے ادویات کی خریداری کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور صورتحال میں نمایاں بہتری آئی توقع ہے کہ جلد ہی تمام ادویات کی خریداری مکمل کرلی جائے گی سیکرٹری صحت نے بتایا کہ کانگو وائرس کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں ڑوب میں سات مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں کانگو وائرس کا شبہ ہے جن کے خون کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹریز بھیجوا دئیے گئے ہیں اس کے علاؤہ طبی ماہرین کی ٹیم ڑوب روانہ کردی گئی ہے سیکرٹری صحت عبداللہ خان نے تجویز دی کہ کانگو وائرس کے پھیلاؤ کو مستقبل میں روکنے کے لئے عوامی مقامات پر قائم مذبح خانوں کو ریگولیٹ کیا جائے ادویات کی خریداری کے عمل میں تاخیر سے بچنے کے لئے ایم ایس ڈی اور مقامی پرچیزنگ کے عمل میں اعتماد کی فضا قائم کی جائے اور سسٹم میں شفافیت کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کو اپنایا جائے اجلاس میں نگراں وزیر صحت ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی، سیکرٹری صحت عبداللہ خان، پرنسپل سیکرٹری راشد رزاق، اسپیشل سیکرٹری اسفند یار بلوچ ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نور قاضی، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر امین خان مندوخیل و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے