میاں نواز شریف 14 نومبرکو کوئٹہ پہنچیں گے،بلوچستان عوامی پارٹی اور دیگر جماعتوں کے سابق اراکین اسمبلی مسلم لیگ ن میں شمولت کا اعلان کریں گے

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف وطن واپسی کے بعد دو روزہ دورے پر 14نومبرکوکوئٹہ پہنچیں گے،دورے کے دوران وہ صوبے کی مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کریں گے بلوچستان عوامی پارٹی اور دیگر جماعتوں کے سابق اراکین اسمبلی مسلم لیگ ن میں شمولت کا اعلان کریں گے۔ تفصیلا ت کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے قائد سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف،میاں محمد شہباز شریف، مریم نواز، خواجہ سعد رفیق سمیت سینئر قیادت کے ہمراہ آج دوپہر خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ پہنچیں گے۔میاں نواز شریف کوئٹہ میں مسلم لیگ(ن) کی ہم خیال سیاسی جماعتوں نیشنل پارٹی، پشتونخواء ملی عوامی پارٹی سمیت بلوچستان عوامی پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کے قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔اس کے علاوہ آج منگل کو بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعلیٰ جام کمال خان، سابق وزراء و پارلیمنٹرینز سردار عبدالرحمن کھیتران،سردار مسعود لونی،نور محمد دمڑ، محمد خان طور اتمانخیل، حاجی محمد خان لہڑی، میر مجیب الرحمن محمد حسنی، میر عبدالکریم نوشیروانی،میر عبدالغفور لہڑی، ڈاکٹر ربابہ بلیدی، پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی خان محمد جمالی، سابق وفاقی وزیر میر دوستین ڈومکی، سابق رکن صوبائی اسمبلی میر طارق مسوری بگٹی، سیاسی و قبائلی رہنماء سردار زادہ میر علی حید رمحمد حسنی، برکت رند، عطاء اللہ بلیدی،شوکت بنگلزئی، جعفر کریم بھنگر، سحر گل خلجی اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔میاں نواز شریف کل بدھ کو کوئٹہ میں مسلم لیگ(ن) کے ضلعی عہدیداروں سے بھی خطاب کریں گے۔میاں نواز شریف کی کوئٹہ آمد کے موقع پر شہر میں خیر مقامی بینرز اور بل بورڈز آویزاں کردئیے گئے ہیں،نوازشریف اور دیگر قائدین بدھ کی دوپہر کوئٹہ سے واپس لاہور چلے جائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے دو دسمبر 2017 میں پشتوں خواملی عوامی پارٹی کے رہنما خان عبدالصمد خان اچکزئی کی برسی کے موقع پر ایوب اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔21اکتوبر کو وطن واپسی کے بعد ان کا یہ کوئٹہ کا پہلا دورہ ہے دورے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ایک روز قبل ہی کوئٹہ پہنچ گئے اور تمام تر معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے