ملک بھر کی طرح بلوچستان کے عوام کی بہبود و ترقی کے لئے عملی اقدام صرف پیپلز پارٹی نے کئے ہیں، فریال تالپور
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ ملک بھر کی طرح بلوچستان کے عوام کی بہبود و ترقی کے لئے عملی اقدام صرف پیپلز پارٹی نے کئے ہیں،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وزیراعظم بننے کے بعد بلوچستان امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنے گا۔ یہ بات انہوں نے پیر کو زرداری ہاوَس کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں حاجی ملک شاہ گورگیج،سابق صوبائی وزراء ظہور احمدبلیدی، عارف محمد حسنی میر روَف رند میر اصغر رند، آغا شکیل درانی، میر نعمت زہری، عبید شاہ گورگیج،شکیل، فیصل جمالی سردار نور احمد اور علی حسن بروہی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی۔وفد نے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی و تنظیمی صورتحال پر تبادلہ خیال اورفریال تالپور کو 30 نومبر کو کوئٹہ میں ہونے والے یوم تاسیس کے عظیم جلسہ عام کی تیاریوں کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر نے پی پی بلو چستان کے رہنماؤں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگاہم سب متحد ہوکر عوام کی سپورٹ سے وفاق میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیں گے اور بلوچستان میں بھی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہا کہ پورے ملک کی طرح بلوچستان کی عوام کی بھبود و ترقی کے لئے عملی اقدام صرف پیپلز پارٹی نے کئے ہیں بلوچستان کے نوجوانوں کو اگر کبھی روزگار اور صوبے کو ترقیاتی منصوبے ملے ہیں تو وہ صرف پیپلز پارٹی کے ادوارِ حکومت میں ملے ہیں آئندہ الیکشن کے بعد آنے والی پیپلز پارٹی کی حکومت صدر آصف علی زرداری کے متعارف کردہ آغازحقوق بلوچستان پروگرام کو وہاں سے شروع کرے گی، جہاں سے یہ سلسلہ ٹوٹا تھا۔ فریال تالپور نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وزیراعظم بننے کے بعد بلوچستان امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنے گاکوئٹہ میں 30 نومبر کو ہونے والا عظیم جلسہ عام مخالفین کے لئے پہلا سرپرائیز ہوگا، یہ جلسہ 8 فروری کے الیکشن سے عوامی ریفرنڈم ہوگا۔