توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیسز،عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، ہیں جبکہ نیب نے فوراً گرفتاری ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب کا آج ہی اڈیالہ جیل میں وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا امکان ہے، نیب ٹیم اڈیالہ جیل میں وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم میں تفتیشی افسران اور دیگر شامل ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتاری کی وجوہات بیان کی جائیں گی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔

نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ کیلئے درخواست دائر کی، تو عدالت نے استفسار کیا کہ ہائی کورٹ نے کیا کیا ہے۔عدالت کے استفسار پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مقدمہ زیرالتواء ہے نہ عدالت نے حکم معطل اور نہ کوئی اسٹینڈنگ آرڈر جاری کیا، عدالت سے درخواست ہے کہ عمران خان کے وارنٹ جاری کیے جائیں اور جیل سپریٹنڈنٹ کواقدامات کی ہدایت کی جائے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ وارنٹ لیں گے تو کیا بلانا نہیں پڑے گا۔ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ وارنٹ کے بعد گرفتارکریں گے تو جسمانی ریمانڈ کیلئے یہاں ہی لائیں گے۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور جیل سپریٹنڈنٹ کو وارنٹ تعمیل کیلئے اقدامات کا حکم دے دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے