بلوچستان کے نوجوانوں میں بھرپور ٹیلنٹ موجود ہے جنہیں حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی ضرورت ہے، جاوید انور شاہونی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی سیکرٹری کھیل و ثقافت اور امور نوجوانان جاوید انور شاہوانی نے کہا ہے کہ دیار غیر میں پاکستان کا نام بلند اور روشن کرنے والے بلوچستان کے نوجوان ہمارے لئے باعث فخر ہیں۔ بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ میرے دروازے بلوچستان کے ہر کھلاڑی ہر نوجوان کے لیے کھلے ہیں۔ نعمت اللہ ظہیر اور خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل خدمت کی اعلی مثال ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدارتی تمغہ امتیاز، چیئرمین خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، معروف عالمی شہرت یافتہ سماجی شخصیت ” نعمت اللہ ظہیر ” کی قیادت میں قازقستان آستانہ میں نیمڈ ایم ایم اے مکس مارشل آرٹس کے زیر اہتمام بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلوچستان کے باکسرو پرنس باری خان بابر، سید حیدر علی آغا کو میڈلز پہنانے اور انہیں مبارکباد دینے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اسپورٹس و یوتھ افیئرز جاوید انور شاہوانی نے اس موقع پر چیئرمین نعمت اللہ ظہیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا۔ کہ اس عالمی ایونٹ میں پاکستان کی شرکت کو یقینی بنا کر انہوں نے ملک و قوم کے لیے قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے۔ اور نوجوان باکسروں نے جس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ ہمارے لئے قابل فخر ہے۔ بلا شبہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بھرپور ٹیلنٹ موجود ہے۔ اور انہیں بھرپور حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی ضرورت ہے۔ جس کے لئے محکمہ اسپورٹس مختلف پروگراموں پر کام کر رہی ہے۔ دریں اثناء معروف انسداد منشیات سینٹر مائیلو شہید ٹرسٹ کی جانب سے بھی غلام رضا چنگیزی نے باکسروں کو میڈلز پہنائے اور انہیں تحائف پیش کئے۔ اس موقع پر نوماد ایم ایم اے کے صدر صاحبزادہ رفیع الدین حاجی عثمان، قیوم بلوچ، عابد بٹ، سلطان محمود اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین نعمت اللہ ظہیر نے سیکرٹری اسپورٹس جاوید انور شاہوانی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا۔ کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل طویل عرصے سے اسپورٹس کے شعبے میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ تاکہ نوجوانوں کو اسپورٹس کی طرح طرف راغب کر کے انہیں منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھا جا سکے۔ چیئرمین نعمت اللہ ظہیر نے مائیلو شہید ٹرسٹ اور غلام رضا چنگیزی کا بھی حوصلہ افزائی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے