صدر کے خط کا جواب خط سے دیا جائے گا،نگراں وزیراطلاعات
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نگران حکومت عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ صدر مملکت پورے ملک کے صدر ہیں، وہ کسی جماعت کے صدر نہیں، ان سے گزارش کریں گے کہ اپنے آئینی عہدے کی عزت کا خیال رکھیں، بہتر ہو گا کہ صدر مملکت کسی ایک جماعت کے ترجمان نہ بنیں، کسی ایک جماعت کا ترجمان بننے سے صدر کی عزت میں کمی آتی ہے،چاہتے ہیں وہ نہ آئے۔
نگران وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع سے بجلی حاصل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے، مستقبل کی حکومتوں کے لیے ضروری ہے اس پالیسی کو جاری رکھیں، زیادہ سے زیادہ توجہ توانائی کے متبادل ذرائع پر دیں، سابق حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ سولر سے بجلی پیدا کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی کی پیداوار سے عوام پر بوجھ پڑتا ہے، توانائی کے شعبے میں چین نے بہت مدد کی ہے۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی موجودہ قیادت انتہائی ذمہ دار اور قابل لوگوں پر مشتمل ہے، نگران حکومت عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے گی، عام انتخابات کے ذریعے اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کو منتقل ہوگا، شکایات اور تحفظات جمہوریت کا حصہ ہیں۔