حلقے میں تعلیم کے فروغ اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کروڑوں روپے کے منصوبے تکمیل کو پہنچ چکے ہیں، میر عمر خان جمالی
ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) سابق صوبائی وزیر میر عمر خان جمالی نے کہا ہے کہ حلقے میں تعلیم کے فروغ اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کروڑوں روپے کے منصوبے تکمیل کو پہنچ چکے ہیں، ان ترقیاتی منصوبوں سے عوام تا دیر مستفید ہوتے رہیں گے، آنے والے انتخابات میں عوام نے ایک بار پھر موقع دیا تو ڈیرہ اللہ یار شہر کو نکاسی آب کا موثر نظام اور دیگر اہم منصوبے دیکر شہریوں کے دیرینہ مسائل حل کر دینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اللہ یار میں اپنے فنڈ سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ ہائی اسکول حاجی حسین بخش گولہ کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، میر عمر خان جمالی نے کہا کہ ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ عوامی اجتماعی بھلائی کے منصوبوں پر کام کیا جائے تاکہ ان کے ثمرات سے کوئی فرد نہیں بلکہ حلقے کی عوام مستفید ہوں، یہی وجہ ہے کہ اپنے پانچ سالہ دور وزارت میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی مکمل بحالی پر مرکوز رہی، بدقسمتی سے 2022 کے طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب سے علاقے میں انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہزاروں افراد بے گھر ہوئے سیکڑوں مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے، ایسے قدرتی آفات سے بچنے کے لیے سیوریج سسٹم کی بحالی ناگزیر ہے، انکا کہنا تھا کہ عوام نے جس طرح پہلے اعتماد کیا اب بھی عوام سے قومی امید ہے کہ آنے والے الیکشن میں پانچ سالہ کارکردگی کو مدنظر رکھ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے، تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جعفرآباد اشوک کمار راجپوت نے خطاب کرتے ہوئے میر عمر خان جمالی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گورنمنٹ ہائی اسکول حاجی حسین بخش گولہ عرصہ دراز سے عمارت سے محروم تھا، طلبہ اور اساتذہ شدید موسمی حالات سے نبردآزما ہوتے ہوئے بھی تدریسی عمل جاری رکھے ہوئے تھے، انہوں نے کہا کہ میر عمر خان جمالی نے تعلیمی اداروں کی بحالی اور اپگریڈیشن پر خصوصی توجہ دی جس پر علاقے کے عوام، طلبہ اور اساتذہ انکے مشکور ہیں، تقریب میں اساتذہ، شہریوں اور قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اسکول آمد پر میر عمر خان جمالی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اشوک کمار کو روایتی اجرک کے تحائف بھی پیش کئے گئے۔