آبادی میں مسلسل اضافہ کسی خطرے کی گھنٹی سے کم نہیں ہے، سردار اعجاز احمد خان جعفر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نگران صوبائی وزیر پی ایچ ای و بہبود آبادی سردار اعجاز احمد خان جعفر نے کہا ہے کہ آ بادی میں مسلسل اضافہ کسی خطرے کی گھنٹی سے کم نہیں ہے اگر اس حوالے سے عملی اقدامات نہیں کئے گئے تو نہ صرف صوبہ بلکہ ملک کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام فیملی ورکر ویلفیئر خواتین کی تین روزہ تربیت کے اختتام پر اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن غلام مصطفی،ریجنل ڈائریکٹر ایف پی اے پی بلوچستان مشتاق مینگل، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر امبرین مینگل، ڈویژنل ڈائریکٹر عبدالستار شاہوانی اور عبدالطیف موجود تھے انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کا سب سے بہتر طریقہ اسلامی نقطہ نظر سے واضع کیا گیا ہے جس میں ماں کو اپنے بچے کو ڈھائی سال تک دودھ پلانے کی تاکید ہے جس سے ایک جانب ماں اور بچے کی صحت بہتر ہوگی تو دوسری جانب بچے کی پیدائش میں وقفہ ہوگا انہوں نے کہا کہ اکثر لوگوں میں شعور کی کمی ہونے کی وجہ سے اس اہم نقطہ کی جانب توجہ نہیں دیتے اس ضمن میں تربیت حاصل کرنے والے خواتین فیملی ورکر ویلفیئر کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس تربیت سے حاصل ہونے والے تجربے کو لوگوں میں شعور اجاگر کرنے میں استعمال کریں انہوں نے تربیتی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تربیت کا یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہنا چاہیے اور کوشش یہ ہونی چاہیے نئے تعینات ہونے والی خواتین اہلکاروں کو تربیت کے زیادہ سے زیادہ مواقع دینے چاہیے انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کے حوالے سے کافی حد تک ترقی ہوئی ہے قبل ازیں ریجنل ڈائریکٹر ایف پی اے پی مشتاق مینگل اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل پاپولیشن ڈاکٹر امبرین مینگل نئے فیملی ورکر ویلفیئر کی تربیت کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی کاوشوں کی بدولت فیملی ورکرز ویلفیئر کی تربیت کا دائرہ کار وسیع کر کے اس میں پورے بلوچستان سے اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ تین روزہ تربیت میں پہلے 20 خواتین اہلکاروں کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ جلد ہی مزید 20 خواتین اہلکاروں کو تربیت دی جائے گی انہوں نے کہا کہ خواتین تربیت حاصل کر کے بہتر انداز میں اپنا کام سرانجام دے سکیں گی بعد ازاں نگران صوبائی وزیر تربیت مکمل کرنے والے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں صوبائی وزیر کو سائبان ٹرسٹ ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کرایا گیا۔